1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہوفن ہائم اور کولون کا مقابلہ برابر

25 ستمبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں جمعہ کوتیسری پوزیشن پر موجود ہوفن ہائم کی ٹیم کا کولون کے خلاف میچ برابر رہا۔ اس طرح ہوفن ہائم اس لیگ کی ٹاپ ٹیموں کے ساتھ اپنا پوائنٹس کا فرق کم کرنے کا قدرے آسان موقع گنوا بیٹھی۔

https://p.dw.com/p/PMKx
تصویر: dapd

کھیل کے پہلے ہاف میں کولون کی ٹیم کے کپتان لوکاس پوڈولسکی نے بائیں جانب سے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوا دی۔ دوسری جانب ہوفن ہائم کی تجربہ کار اور مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم کھیل کے پہلے ہاف میں کسی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پائی۔

Fussball, 1. Bundesliga, Saison 2010/2011, 3. Spieltag, TSG 1899 Hoffenheim - FC Schalke 04 FLash-Galerie
ہوفن ہائم پوئنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہےتصویر: AP

ہوفن ہائم کے کوچ نے کھیل کے دوسرے ہاف کے لئے قدرے خطرناک حکمت عملی اپنائی اور دفاعی کھیل کے بجائے جارحانہ کھیل کی پیش بندی کی۔ دوسرے ہاف میں ہوفن ہائم کی ٹیم صرف دو دفاعی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی جبکہ بقیہ پوری ٹیم کولون کے گول پر حملے کے لئے ترتیب دی گئی تھی۔ کھیل کے 54 ویں منٹ میں ہوفن ہائم کے کھلاڑی Demba Ba نے کولون کے گول کیپر Faryd Mondragon کو ڈاج کرتے ہوئے بال گول میں پھینک کر کولون کی برتری کا خاتمہ کیا۔ ہوفن ہائم نے چند منٹ بعد ایک اور شاندار حملہ کیا، تاہم گول نہ ہوا۔ تاہم اس کے بعد ہوفن ہائم کی ٹیم خاصی تھکی تھکی دکھائی دی اور اس نے ایک مرتبہ پھر دفاعی کھیل کھیلنا شروع کر دیا۔

FLASH-GALERIE Bundesliga 5. Spieltag Dienstag 21.09.2010
پچھلے میچ ڈے میں کولون اور مائنز کی ٹیموں کے درمیان میچ کے آغاز کا منظرتصویر: dapd

کولون کی ٹیم کی جانب سے خاصے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور مخالف گول پر پے در پے حملے کئے جاتے رہے۔ کھیل کے اختتام سے صرف 12 منٹ قبل کولون کے مارٹن لانِگ کو ایک آسان موقع ملا تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔

میچ کا اختتام دونوں ٹیموں کے درمیان ڈرا کی صورت میں ہوا۔ ہوفن ہائم کی ٹیم چھ میچوں کے بعد گیارہ پوائنٹس کے ساتھ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔

اس لیگ میں حیرت انگیز طور پر مائنز کی ٹیم اب تک کھیلے گئے اپنے پانچوں میچ جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور آج ہفتہ کو اس کا مقابلہ لیگ کی دفاعی چیمپیئن ٹیم بائرن میونخ سے ہو رہا ہے۔بائرن میونخ کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ اس لیگ میں اب تک آٹھویں پوزیشن پر ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں