1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ چیمپیئن بننےکے قریب تر

3 اپریل 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 28 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کو کھیلے گئے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/10mZH
تصویر: AP

فیڈرل لیگ کی اب تک کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کی چیمپیئن بننے کے قریب تر پہنچ گئی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ڈورٹمنڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن پر سات پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی۔ واضح رہے کہ بنڈس لیگا کے ابھی مزید چھ میچ ڈے باقی ہیں۔ اگر ڈورٹمنڈ اس لیگ کی چیمپیئن بن جاتی ہے، تو سن 2002ء کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا، جب اس کے ہاتھ یہ اعزاز آئے گا۔

کھیل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے 57 ویں منٹ میں ہینوور کی طرف سے ناروے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی Mohammed Abdellaoue نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، تاہم یہ برتری صرف دو منٹ تک ہی قائم رہ سکی۔ کھیل کے 59 ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ کی طرف سے نوجوان جرمن کھلاڑی ماریو گیوٹسے نے گول کر کے ہینوور کی برتری کو ختم کر دیا۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے دوسرا اور تیسرا گول کرنے والے کھلاڑی Lucas Barrios تھے جبکہ چوتھا گول کیون گروس کروئٹس نے کیا۔

Dortmunds Lucas Barrios jubelt mit seinen Kameraden im Spiel Borussia Dortmund vs. Hannover 96 FLASH Galerie
ڈوٹمنڈ کے کھلاڑی فتح کا جشن مناتے ہوئےتصویر: dapd

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں لیورکوزن نے کائزرز لاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ بائرن میونخ نے بھی اپنی مدمقابل ٹیم مؤنشن گلاڈباخ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ مائنز اور فرائی برگ کا مقابلہ ایک ایک گول سے جبکہ ہوفن ہائم اور ہیمبرگ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ شٹٹ گارٹ اور ویردر بریمن کا میچ بھی ایک ایک گول کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ہی اختتام پذیر ہوا۔

رواں میچ ڈے میں گزشتہ روز شالکے اور سینٹ پاؤلی کے درمیان کھیلے گئے میچ کو اختتام سے دو منٹ قبل اس وقت ادھورا ہی چھوڑ دیا گیا تھا، جب تماشائیوں کے ایک اسٹینڈ سے ریفری کے ایک معاون کو پلاسٹک کے ایک گلاس سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس وقت شالکے کی ٹیم صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری لیے ہوئے تھی۔

آج اتوار کے روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ کولون کا میچ نیورمبرگ کی ٹیم سے جبکہ فرینکفرٹ کا مقابلہ وولفس برگ سے ہو گا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں