1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، ڈورٹمنڈ نے کولون کو مات دے دی

23 اکتوبر 2011

بنڈس لیگا کے دسویں میچ ڈے کے سلسلے میں آج لیور کوزن اور شالکے جبکہ میونخ اور ہینوور کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ گزشتہ روز ایک دلچسپ میچ میں دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ نے کولون کو پانچ صفر سے شکست دی۔

https://p.dw.com/p/12x8T
ڈورٹمنڈ اور کولون کے مابین میچ کا منظرتصویر: dapd

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان بائرن میونخ آج یعنی اتوار کو اپنا ایک اہم میچ ہینوور کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ میونخ کی ٹیم نے ابھی تک کل 9 میچ کھیلے ہیں، جن میں سے سات میں اسے کامیابی حاصل ہوئی اور اس کے 22 پوائنٹس ہیں۔ اس میچ میں کامیابی کے ساتھ میونخ کی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔ ہینوور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس 15 بنتے ہیں۔

اتوار کو بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں ٹیبل پر ساتویں نمبر کی ٹیم شالکے نویں نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے ساتھ پنجہ آزمائی کرے گی۔ دونوں کے بالتریب پندرہ اور چودہ پوائنٹس ہیں۔ اس میچ میں جو بھی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی وہ آگے نکل جائے گی۔

گزشتہ روز یعنی ہفتہ کے دن بنڈس لیگا کے سلسلے میں مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں سے سب سے زیادہ دلچسپ میچ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور کولون کے مابین رہا۔ اس میچ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے کولون کو چاروں شانے چت کر دیا اور پانچ صفر سے کامیابی حاصل کی۔

Fußball Bundesliga Dortmund Köln
ڈورٹمنڈ نے کولون کو ایک بڑے مارجن سے شکست دیتصویر: dapd

ڈورٹمنڈ نے مسلسل چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کر کے انیس پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ڈورٹمنڈ نے دس میچ کھیلے ہیں، جن میں سے اس نے چھ میں کامیابی حاصل کی جبکہ تین ہارے اور ایک برابر رہا۔

جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کے دسویں میچ ڈے کے دوسرے دن کھیلے گئے دیگر میچوں میں برلن اور مائنز کا میچ صفر صفر، وولفسبرگ اور ہیمبرگ کا ایک ایک سے جبکہ اشٹٹ گارٹ اور نیوریمبرگ کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم ہوفن ہائم سے ایک صفر سے ہار گئی اور کائزرز لاؤٹرن نے فرائی برگ کو ایک صفر سے شکست دی۔

دسویں میچ ڈے کے پہلے دن بریمن اور آؤگسبرگ کی ٹیمیوں کے مابین کھیلے جانے والا واحد میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اس وقت اشٹٹ گارٹ، بریمن اور مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیموں کے پوائنٹس سترہ سترہ ہیں تاہم گول اوسط کی بنیاد پر یہ ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر بالتریب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں