1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ نے بریمن کو بھی شکست دے دی

12 دسمبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 16ویں مچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/QWDc
بائیں Nuri Sahinتصویر: picture alliance/dpa

بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے۔ کھیل کے نویں منٹ میں ڈورٹمنڈ کی طرف سے ترکی سے تعلق رکھنے والے مڈفیلڈر Nuri Sahin نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو بریمن کی ٹیم تمام تر کوشش کے باوجود کھیل کے پہلے ہاف تک ختم نہ کر سکی۔ کھیل کے 70ویں منٹ میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر Robert Lewandowski نے ایک اور گول کر کے ڈورٹمنڈ کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس سیزن میں اب تک کھیلے گئے 16 میچوں میں سے 14 میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

دوسری جانب ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپیئن  بائرن میونخ نے سینٹ پاؤلی کو تین صفر سے شکست دے دی۔ بائرن میونخ اس وقت پوائنٹس چارٹ پر سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ سے 17 پوائنٹس کی دوری پر ہے۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس چارٹ پر دوسرے نمبر پر اس وقت لیورکوزن کی ٹیم ہے، جو ڈورٹمنڈ سے گیارہ پوائنٹس کی دوری پر ہے تاہم آج اتوار کے روز مائنز کی ٹیم شالکے کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی، تو وہ دوسری پوزیشن پر آجائے گی۔

ہفتے کے روز ہونے والے دیگر میچوں میں کائزرز لاؤٹرن اور وولفس برگ کا مقابلہ صفر صفر گول سے برابر رہا جبکہ کولون نے فرینکفرٹ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ ایک اور میچ میں ہیمبرگ کو لیورکوزن نے دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا جبکہ ہوفن ہائم اور نیورمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

آج اتوار کے روز دو میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ مائنز کا میچ شالکے کی ٹیم سے جبکہ فرائی برگ کا میچ میونشن گلاڈباخ سے ہو رہا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ 43 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ لیورکوزن 32 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت دوسری پوزیشن پر ہے۔ ہینوور 31 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ مائنز 30 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید