1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: آٹھواں میچ ڈے مکمل

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: افسر اعوان5 اکتوبر 2009

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کے آٹھویں میچ ڈے کےتمام میچ مکمل ہونے کے بعد لیور کوزن کی ٹیم پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے یہ دوسرے مقام پر تھی۔ ہیمبرگ کی ٹیم اب دوسری پوزیشن پر ہے۔

https://p.dw.com/p/JxG5
اتوار کو بنڈس لیگا کے ایک میچ، ہیرتھا بمقابلہ ہیمبرگ کا منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے آٹھویں میچ ڈے کے تمام نومیچ اتوار کو مکمل ہو گئے ہیں۔ تیسرے دن اتوار کو شیڈیول میچ میں برلن کی ہیرتھا کلب نے ہیمبرگ کی مضبوط ٹیم کو ایک گول کے مقابلے میں تین سے شکست دے کر اب تک کی لیگ کا اہم اپ سیٹ کر دکھایا ہے۔ اِس میچ میں کامیابی سے ہیرتھا کو پہلی بار اپنا پوائنٹس کا کھاتہ کھولنے کا موقع ملا۔ اتوار کو ایک اور میچ میں بریمن کلب نے شٹٹ گارٹ شہر کی ٹیم کو دو گولوں سے ہرا کر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اِس کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بڑا ردو بدل پیدا ہوا ہے۔ ہر ٹیم ایک ایک پوزیشن نیچے ہو گئی ہے۔

Fußball Bundesliga Hannover 96 - SC Freiburg
ہے نوور ٹیم کے سرگئی پنٹو، پانچویں گول کے بعدتصویر: AP

دوسرے دِن یعنی ہفت کے روز چھ میچ کھیلے گئے تھے۔ پہلا دِن جمعہ کا تھا اور اُس دِن شالکے نے کامیابی حاصل کی جب اُس نے فرینکفرٹ کی ٹیم کو دو گولوں سے شکست دی۔ اِس کامیابی سے کوچ فیلکس میگاتھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر شالکے چوتھے مقام پر تھی۔

ہفتہ کے دِن کھیلے گئے چھ میچوں میں سے ایک میچ میں بائر لیور کوزن نے نیورمبرگ کی ٹیم کو چارگولوں سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی تھی جس پر وہ بدستور قائم ہے کیونکہ ہیمبرگ کی ٹیم شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر ہی ہے۔

Fußball Bundesliga Bayer Leverkusen - FC Nürnberg
لیور کوزن کے سامن رولفس پنالٹی پر نیورمبرگ کے خلاف گول کرتے ہوئے۔تصویر: AP

ہوفن ہائیم کی ٹیم گزشتہ ہفتے تیسری پوزیشن پر تھی لیکن ہفتہ کے دِن مائنز کے ساتھ میچ میں اُس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوفن ہائیم کی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی جب کہ مائنز نے دو گول کر کے کامیابی حاصل کی۔ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ مائنز ٹیم موجودہ بنڈس لیگا کے میچوں میں شاندار کارکردگی کا مسلسل مظاہرہ کر رہی ہے۔ ہوفن ہائیم چو تھی سے پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جب کہ مائنز کی ٹیم اِس وقت چھٹی پوزیشن پر ہے۔

جرمن بنڈس لیگا میں ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کو کولون کے خلاف کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ میونخ کے کھلاڑیوں نے سر توڑ کوشش ضرور کی لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ کولون کی ٹیم موجودہ پوائٹس ٹیبل پرسولہویں پوزیشن پر ہے لیکن دوران میچ اُس نے میونخ کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور بھرپور دفاع کا مظاہرہ کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابررہا۔ اِس سے میونخ کے پوائنٹس میں کمی تو واقع ضرورہوئی اور وہ ایک اور پوزیشن نیچے چلی گئی ہے۔ میونخ آٹھویں میچ ڈے کے بعد آٹھویں پوزیشن پر ہے۔

میونخ کی طرح دفاعی چیمپئن وولفس برگ نے بھی بوخم کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل نہ کر کے دو قیمتی پوائنٹس گنوائے۔ میچ ختم ہونے پر دونوں ٹیمیں ایک ایک گول سے برابر رہیں۔ ایک پوائنٹ حاصل کر کے وولفس بُرگ کی ٹیم ساتویں پوزیشن پر ہے۔

ہفتہ کے دِن کھیلے گئے میچوں میں ہینوور کی ٹیم نے فرائبرگ شہر کی فٹ بال ٹیم کو دو کے مقابلے میں پانچ گولوں سے ہرایا۔ اِسی طرح ڈارٹمنڈ کی ٹیم نے مؤنشن گلاڈباخ کو ایک گول سے شکست دی تھی۔