بلوچستان میں امامت کے مسئلے پر فائرنگ، 18 زخمی
17 نومبر 2010خبررساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں یہ تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا جب دومختلف متحارب گروپوں نے ایک مسجد میں نماز عید کی امامت کی کوشش کی۔ ایک سینیئر پولیس اہلکار جاوید احمد کے مطابق دونوں مقامی علماء کے پیروکاروں نے اس تنازعے کے دوران لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے استعمال کے علاوہ آتشیں اسلحے سے فائرنگ بھی کی۔ اس علاقے کی رہائشی پشتون اور بلوچ آبادی روایتی طور پر ہھتیار اپنے ساتھ رکھتی ہے۔
اس واقعے کے علاوہ پاکستان بھر میں کروڑوں مسلمانوں نے آج بدھ کو پرامن طور پر نماز عید ادا کی۔ اس سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقعد ہوئے۔ نماز عید کے بعد مسلمان پیغمبر حضرت ابراہیم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے عیدالضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔
ادھرپاکستانی میڈیا کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قربانی کی کھالیں چھیننے کی کوششوں کے دوران ہونے والے تصادم میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں قربانی کی کھالیں مانگنے کے لیے آنے والے افراد سے علاقہ مکینوں کی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے دو افراد ہلاک جبکہ دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ : افسراعوان
ادارت : کِشور مُصطفیٰ