1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
لائف اسٹائل

برڈفلو کا خطرہ، چڑیا گھر بند کر دیا گیا

عابد حسین
19 اکتوبر 2016

بھارتی دارالحکومت میں پرندوں کی بیماری برڈ فلُو پھیلنے کا خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس خطرے کی وجہ سے نئی دہلی کے چڑیا گھر کو بند کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RPzO
Indien weißer Tiger tötet Mensch im Delhi Zoo
برڈ فلو کی وجہ سے چڑیا گھر کو کچھ دنوں کے لیے بند کر دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Sharma

نئی دہلی کے مشہور اور بڑے چڑیا گھر کے پرندوں کو برڈ فلو کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ اِس چڑیا گھر کے کم از کم نو نایاب پرندے گزشتہ ہفتے کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔ ان ہلاکتوں کی وجہ سے چڑیا گھر کو کچھ دنوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ لوگوں کی موجودگی میں برڈفلو پھیلانے والے وائرس کے انسداد کے اسپرے کو پوری طرح استعمال کرنا مشکل ہوتا ہے۔

بھارت کے نیشنل زولوجیکل پارک کے نگران ریاض احمد خان نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے پرندوں کا باقاعدہ پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور رپورٹوں سے پتہ چلا کہ نو میں سے دو پرندے یقینی طور پر انڈے دینے والے پرندوں میں پائے جانے والے متعدی مرض انفلوئنزا یعنی H5N1 وائرس کی وجہ سے مرے تھے۔

ریاض احمد خان کے مطابق انفلوئنزا کی موجودگی کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور چڑیا گھر کی عارضی بندش اِسی سلسلے کی کڑی ہے۔ نیشنل زولوجیکل پارک کے کیوریٹر یا نگران نے بتایا ہے کہ نئی دہلی کے چڑیا گھر کو اگلے ہفتے کے دوران عام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ خان کے مطابق آج کل چڑیا گھر کے پرندوں کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور اُن کے پنجروں کی صفائی کے ساتھ ساتھ انسداد انفلوئزا کا اسپرے کے علاوہ پرندوں کو مدافعتی دوا بھی دی جا رہی ہے۔

Bildergalerie Asiatischer Löwe
نئی دہلی کے چڑیا گھر کو ہر سال بائیس لاکھ کے قریب لوگ دیکھنے آتے ہیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Cipriani

رواں برس  موسم گرما کے دوران مئی کے مہینے میں اسی چڑیا گھر کے مختلف جانوروں میں غیر ضروری اور غیرمعمولی رال ٹپکنے کی بیماری کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس بیماری کی نشاندہی کے بعد مختلف ہرنوں سمیت چھیالیس جانوروں کو مدافعتی ٹیکے لگائے گئے تھے۔

نئی دہلی کے چڑیا گھر کا بھارت کے بڑے زولوجیکل پارک میں شمار ہوتا ہے۔ اس چڑیا گھر میں چودہ سو سے زائد پرندے اور جانور موجود ہیں۔ ان میں 130مختلف اقسام کےپرندے ہیں۔ کئی اقسام مختلف ممالک سے درآمد کی گئی ہیں۔ اس چڑیا گھر کو ہر سال بائیس لاکھ کے قریب لوگ دیکھنے آتے ہیں۔