1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن: ایک ٹرک نے ایک کرسمس مارکیٹ روند ڈالی، نو افراد ہلاک

علی کیفی
19 دسمبر 2016

جرمن دارالحکومت برلن میں پیر اُنیس دسمبر کی شام ایک ٹرک نے ایک کرسمس مارکیٹ روند ڈالی۔ اس واقعے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/2UZNY
Deutschland Neun Tote und viele Verletzte auf Berliner Weihnachtsmarkt
تصویر: REUTERS/P. Kopczynski

پولیس نے وسطی برلن کی بُوڈا پیسٹر سٹریٹ اور اُس کے نواحی علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سرِ دست یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کی جانے والی کوئی دہشت گردانہ کارروائی تھی، کوئی حادثہ تھا یا حملہ آور کے کچھ اور محرکات تھے۔

بتایا گیا ہے کہ برلن کے مرکزی علاقے میں واقع قیصر ولہیلم یادگاری چرچ کے قریب ایک بڑے ٹرک نے، جس پر کسی مشرقی یورپی ملک کی نمبر پلیٹ تھی، کرسمس مارکیٹ میں لگائے گئے متعدد اسٹالز کو روند ڈالا۔

اس واقعے کے فوراً بعد بتایا گیا کہ ڈرائیور ٹرک سے نکل کر فرار ہو گیا ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق جائے واقعہ کے قریب ہی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ گرفتار کیا جانے والا شخص ہی اس ٹرک کا ڈرائیور ہے۔

Deutschland Neun Tote und viele Verletzte auf Berliner Weihnachtsmarkt
تصویر: REUTERS/P. Kopczynski

ڈرائیور کے ساتھ والی نشست پر موجود شخص اس واقعے کے دوران ہلاک ہو گیا ہے۔ اُس کی موت کن عوامل کا نتیجہ تھی، اس حوالے سے بھی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ ابھی پولیس کی جانب سے باقاعدہ کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم عوام سے اپنے گھروں میں رہنے، پُر سکون رہنے اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کے لیے کہا ہے۔

پولیس اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔