1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی شہزادے کی شادی: تمام دنیا تماشائی

29 اپریل 2011

آج جمعہ کو ویسٹ منسٹر ایبے میں غیر معمولی ہلچل اور جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم اور ان کی منگیتر کیتھرین میڈلٹن کی شادی کی تقریب ادا کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/116KD
شہزادی کیتھرین میڈلٹنتصویر: AP

ان انوکھے لمحات میں شرکت کے لیے ہزاروں شائقین صبح سویرے ہی سے لندن کے قلب میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ شہزادہ ولیم آنجہانی شہزادی ڈیانا اور ولی عہد چارلس کے بڑے بیٹے ہیں اور اُنہیں برطانوی عوام کے ساتھ ساتھ تمام دنیا دُہری محبت اور عقیدت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پرنس ولیم کی شادی کی تقریب برطانوی شاہی آداب کے تحت منائی جا رہی ہے۔ کلیسائی روایات کے مطابق تقریب عقد کا انعقاد گرجا گھر میں ہو رہا ہے، جس کے ارد گرد ہزاروں افراد جمع ہیں۔

Flash-Galerie Kate und William Hochzeit 29.04.2011
شادی کی تقریب ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو رہی ہےتصویر: dapd

شہزادہ ولیم جس وقت لیموزین میں سوار ویسٹ منسٹر ایبے کی طرف بڑھ رہے تھے اُس وقت ایک طرف دنیا بھر کے شائقین ٹیلی وژن نشریات کے ذریعے برطانوی شاہی شان و شوکت اور گلیمر کی چکا چوند سے لُطف اندوز ہورہے تھے دوسری جانب لاکھوں افراد طلسماتی کہانیوں کے کرداروں کی سی حیثیت رکھنے والے دلہا اور دلہن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب لندن کی سڑکوں پر کھڑے تھے۔

پرنس ولیم اور کیتھرین میڈلٹن کی شادی کی تقریب گزشتہ 30 برسوں میں برطانیہ کے شاہی خاندان کی سب سے بڑی اور پُر تعیش تقریب ہے۔ اس تقریب میں برطانیہ کے شاہی خاندان کے پچاس افراد سمیت دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کے درجنوں افراد شریک ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی شہرت کی حامل متعدد معروف شخصیات مثلاً فٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم، معروف انگریز گلوکار ایلٹن جان، اداکار رووان ایٹکنسن بھی ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔

Flash-Galerie Kate und William Hochzeit 29.04.2011
ویسٹ منسٹر ایبے میں مہمانوں کا ہجومتصویر: dapd

1981 ء میں شہزادہ ولیم کی آنجہانی والدہ ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی جس شان و شوکت اور مسحورکُن تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ہوئی تھی اُس کی یادیں ابھی تک لوگوں کے اذہان میں تازہ ہیں۔ ولیم اور کیتھرین میڈلٹن کی شادی اُسی ماحول اور اُسی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ تاہم 1997 ء میں پیرس میں ایک کار حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والی شہزادی ڈیانا کی کمی ہر لمحے محسوس کی جا رہی ہے۔ اُن کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی نم دیدہ ہو کر انہیں یاد کر رہی ہے۔ شہزادہ چارلس کے مرکزی ترجمان پیڈی ہیریسن نے ایک بیان میں کہا ’ ڈیانا ہمیشہ ولیم کے خیالات میں اُن کے ساتھ رہتی ہیں‘۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں