1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی شاہی شادی، ٹیلی وژن کی تاریخ کی سب سے بڑی کوریج

8 اپریل 2011

29 اپریل کو برطانوی شہزادہ ولیم اپنی منگیتر کیٹ میڈلیٹن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں۔ شادی کی تقریب کی براہ راست کوریج کے لیے دنیا بھر سے ٹیلی وژن چینلز لندن پہنچ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10pwS
تصویر: picture alliance/empics

جب بات آتی ہے برطانیہ کی شاہی شادی کی تو بین الاقوامی میڈیا اداروں کے لیے بجٹ کوئی مسلئہ نہیں رہتا۔

قتل و غارت گری اور خونریزی، جنگ اور انقلابات کی متواتر خبروں نے میڈیا آرگنائزیشنز پر خاصا معاشی دباؤ ڈال رکھا ہے۔ اس کے باوجود میڈیا کی جانب سے 29 اپریل کو برطانیہ کے ویسٹ منسٹر ایبے میں برطانیوی شہزادے ولیم اور ان کی منگیتر کیٹ میڈلیٹن کی شادی کی کوریج پر کسی بھی قسم کی کفایت کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا ۔

Prinz Charles heiratet Diana
اس سے قبل میڈیا کی جانب سے اتنی توجہ شہزادے ولیم کے والدین کی شادی کو دی گئی تھیتصویر: AP

برطانوی اخبار کے ایک سابق مدیر پیرس مورگن کہتے ہیں کہ شاہی جوڑے کی شادی کی تقریب، ٹیلی وژن کی تاریخ میں نشر کی جانے والی سب سے بڑی تقریب ہو گی کیونکہ دنیا میں شاہی جوڑے سے بڑی کوئی نامور شخصیت نہیں ہے۔

اس تقریب کی نشر و اشاعت کے مقصد کے لیے بکھنگم پیلیس کے شاہی پارکوں کے ارد گرد سٹوڈیو اور کیمروں کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس تقریب کی کوریج کے لیے آٹھ ہزار سے زائد ٹی وی اور ریڈیو کے صحافیوں کے علاوہ تیکنیکی اسٹاف کی لندن آمد متوقع ہے۔ جبکہ برطانوی اخبار ’گارجین‘ کے مطابق پروگرام نشر کرنے والے غیر ملکی عملے اور رپورٹروں کی کسی بھی تقریب کی کوریج کرنے کے لیے لندن آنےوالی یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہو گی۔ ایک اندازے کے مطابق اس شادی کو دو بلین افراد براہ راست دیکھیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے BBC کی جانب سے اس کی تاریخ کی سب سے بڑی براہ راست بین الاقوامی نشریات کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ نشریات بی بی سی امریکہ، ایشیاء، بھارت، لاطینی امریکہ، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور آسٹریلیا میں بی بی سی انٹرٹینمنٹ چینلز پر نشر کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے بی بی سی نے شادی کی تقریب کی کوریج کے لیے چار سو افراد پر مشتمل عملے کو تعینات کیا ہے۔ اسی طرح امریکی سیٹلائٹ براڈکاسٹر CNN نے اس تقریب کے لیے اپنے لندن میں موجود عملے میں 50 افراد کا اضافہ کر دیا ہے۔

Jahresrückblick 2010 International November Großbritannien Verlobung bei den Windsors
برطانوی شاہی خاندان میں ہونے والی یہ شادی اس وقت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہےتصویر: picture alliance/dpa

سی این این کے مرکزی میزبان رچرڈ کویسٹ ’ گارجین ‘ سے بات کرتے ہوئےکہتے ہیں: " امریکیوں کو یہ ایک ریئلیٹی شو کی طرح نظر آتا ہے، ایک ٹی وی ڈرامے کی طرح۔ لیکن برطانوی شہریوں کے لیے شاید نہیں ہے کیونکہ یہ سب ان کے ملک کے مستقبل کے سربراہ کے بارے میں ہے۔"

دوسری جانب برطانیہ کے شاہی معمولات پر نظر رکھنے والے بعض افراد کا خیال ہے کہ اس شادی کے بارے میں بین اقوامی میڈیا جتنی زیادہ تشہیر کر رہا ہے ، برطانوی میڈیا اتنا ہی پیچھے ہے، تاہم کہا یہ جا رہا ہے کہ شاہی شادی کی یہ تقریب دنیا میں نشر کی جانے والی سب سے بہترین تقریب ہو گی۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید