1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برسلز حملے اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں، جامعہ الازہر

بینش جاوید22 مارچ 2016

جامعہ الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ برسلز میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یہ حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IHjU
Belgien Brüssel Maelbeek Metro Station Verletze Helfer
تصویر: Reuters/RTL Belgium

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں واقع معروف الازہر یونیورسٹی نے بین الاقوامی برادری کو تاکید کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں۔ آج صبح یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر برسلز کے ایئر پورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر دہشت گردانہ حملوں میں 34 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 سے زائد افراد ان حملوں میں زخمی ہوئے۔

جامعہ الازہر یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا، ’’ اگر بین الاقوامی کمیونٹی دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحد نہیں ہو گی تو دہشت گرد معصوم افراد کے خلاف انتہائی خطرناک کاروائیاں جاری رکھیں گے۔‘‘

مصر کی وزارت خارجہ نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، ’’ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کو عالمی سطح پر ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا، ’’ اس مسئلے کا حل اقتصادی اور نظریاتی طور پر نکالا ہو گا اور کوشش کرنی ہوگی کہ دہشت گرد گروہ مزید افراد کو اپنی طرف مائل نہ کر پائیں۔‘‘