برازیل نے کنفیڈریشنز کپ جیت لیا
29 جون 2009کنفیڈریشنز کپ کے فائنل میں امریکہ کو برازیل جیسی طاقتور ٹیم کا ہم پلّہ نہیں سمجھا جا رہا تھا تاہم میچ کے پہلے دور میں امریکہ نے برازیل کے خلاف دو گول اسکور کر ڈالے جس کے بعد یہ گمان ہو چلا تھا کہ امریکہ یہ میچ جیت جائے گا تاہم برازیل کی ٹیم نے میچ کے دوسرے حصّے میں سخت دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف تین گول کیے اور ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
برازیل کی جانب سے لوئی فابیانو نے میچ کے چھیالیسویں اور چوہترویں منٹ میں گول کرکے میچ برابر کردیا۔ کپتان لوشیو نے میچ کے چوراسیویں منٹ میں تیسرا گول کرکے برازیل کو فیصلہ کن برتری دلوادی۔
برازیل کی انیس سو ستانوے اور دو ہزار پانچ کے بعد کنفیڈریشنز کپ میں یہ تیسری فتح ہے۔
امریکی ٹیم کے کوچ کارلوس بوکانیگرا نے فائنل میں اپنی ٹیم کی شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے پہلے حصّے میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد ان کی ٹیم دوسرے حصّے میں اتنا اچھا کھیل پیش نہ کرسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ برازیل کی ٹیم نے دباؤ کا اچھے طریقے سے مقابلہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ برازیل کی ٹیم نے یہ جیت اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں امریکی ٹیم کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا ہے۔ امریکہ نے سیمی فائنل میں عالمی چیمپیئن اسپین کو ہرا کر سب کو حیران کردیا تھا۔ اسپین کی ٹیم کنفیڈریشنز کپ میں تیسری پوزیشن پر رہی۔