1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بدتمیزی‘ پر میسی پر چار میچوں کی پابندی

28 مارچ 2017

نائب ریفری کے ساتھ ’بدتمیزی‘ کرنے پر ارجنٹائن کے اسٹرائیکر لیونل میسی پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہیں تقریباً دس ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی سنایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2aAP2
WM Qualifikation Argentinien - Chile Lionel Messi
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Garello

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ فٹ بال کے عالمی منتظم ادارے فیفا نے اٹھائیس مارچ بروز منگل بارسلونا کے مایہ ناز اسٹار لیونل میسی پر چار میچوں کی پابندی ایک ایسے وقت پر عائد کی، جب ارجنٹائن کی قومی ٹیم  کچھ گھنٹوں بعد بولیویا کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کے لیے میدان میں اترنے والی تھی۔

لیونل میسی کی ’ٹیکس فراڈ‘ کے مقدمے میں پیشی

میسی یا رونالڈو، بڑا کھلاڑی کون؟ بحث کا نتیجہ قتل

فیفا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جعمرات کے دن چلی کے خلاف کھیلے گئے ایک بین الاقوامی میچ میں میسی نے برازیل سے تعلق رکھنے والے نائب ریفری کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔

اس جرم کی پاداش میں نہ صرف میسی پر چار بین الاقوامی میچ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی گئی بلکہ ساتھ ہی انہیں دس ہزار سوئس فرانک (دس ہزار ایک سو ساٹھ ڈالر) بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی سنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعرات کے دن ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کے دوران ہی میسی نے لائن مین کے ساتھ تلخ کلامی کی اور ان کی بے عزتی کی، جس کے فوری بعد فیفا نے انکوائری شروع کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ فیفا کی انضباطی کمیٹی نے اس کیس کی انکوائری کے بعد میسی کو ملزم قرار دے دیا۔

Lionel Messi
میسی پر چار میچوں کی پابندی کو ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے ایک مدھچکا قرار دیا جا رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. Mabromata

ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد کمیٹی نے کہا کہ میسی کے اس عمل پر انہیں ’ریڈ کارڈ‘ بھی دکھایا جانا چاہیے تھا۔ اس میچ میں ارجںٹائن نے چلی کو ایک صفر سے مات دی تھی۔ اس میچ کا یہ واحد گول میسی نے پنلٹی کک پر کیا تھا۔

میسی پر چار میچوں کی پابندی کو ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے ایک مدھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اب وہ ورلڈ کوالیفائنگ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ ارجںٹائن کی ٹیم اسی سلسلے میں اپنا ایک اہم میچ منگل کو بولیویا کے خلاف کھیل رہی ہے۔

اس کے علاوہ اب میسی ورلڈ کپ کے جنوبی امریکی کوالیفائنگ مقابلوں میں یوروگوائے، وینزویلا اور پیرو کے خلاف میچوں میں بھی بینچ پر ہی بیٹھے نظر آئیں گے۔