1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ فلموں کی تشہیر اب موبائل فون کے ذریعے

18 مئی 2011

اب تک بالی وڈ میں فلموں کی تشہیر کے لیے ہاتھ سے پینٹ کیے ہوئے بڑے بڑے پوسٹرز، ٹیلیوژن یا پھر سینما ٹریلرز کا سہارا لیا جاتا رہا ہے۔ اب بھارتی فلمی صنعت نے اِس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Irh
تصویر: Picture-Alliance/dpa

دُنیا بھر میں بالعموم اور بھارت میں بالخصوص موبائل فونز اور انٹرنیٹ کے استعمال میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور بھارتی فلمی صنعت امید کر رہی ہے کہ ابلاغ کے ان جدید ترین ذرائع کے صارفین تک رسائی سے اُسے فلم بینوں کی وہ بڑی تعداد میسر آ سکے گی، جس کی اُسے ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ تین برسوں کے دوران فلموں کی نمائش سے ہونے والی آمدنی میں 20 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مشہور اداکار رتیک روشن کی آنے والی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کی تشہیر موبائل فون اور آن لائن کی مدد سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فلم اسٹوڈیو ایکسل اینٹرٹینمنٹ نے بھارت کی سرکردہ موبائل فون کمپنیوں میں سے ایک Aircel کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت یہ کمپنی اپنے 55 ملین صارفین کو اِس فلم کے تین تین منٹ کے دو ٹریلر مفت فراہم کرے گی۔

مشہور اداکار رتیک روشن کی آنے والی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کی تشہیر موبائل فون اور آن لائن کی مدد سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
مشہور اداکار رتیک روشن کی آنے والی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کی تشہیر موبائل فون اور آن لائن کی مدد سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےتصویر: UNI

اِس فلم کے پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے اتوار کو ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بالی وُڈ کی روایتی فلموں کو اب تفریح کے نئے ذرائع کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے اور باکس آفس پر ان کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی، اس لیے فلموں کی مارکیٹنگ کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے اس جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا:’’میرے خیال میں اِس طریقے سے ہمیں شاندار کامیابی ملے گی کیونکہ موبائل فون کی پہنچ بہت دور تک ہے۔ بہت سے لوگ اور خاص طور پر نوجوان نسل انٹرنیٹ پر فلموں کے ٹریلرز دیکھتی ہے چنانچہ ہم نے سوچا کہ یہ راستہ اختیار کرنا بہتر رہے گا۔‘‘

بھارتی فلمی صنعت امید کر رہی ہے کہ ابلاغ کے جدید ترین ذرائع کے صارفین تک رسائی سے اُسے فلم بینوں کی وہ بڑی تعداد میسر آ سکے گی، جس کی اُسے ضرورت ہے
بھارتی فلمی صنعت امید کر رہی ہے کہ ابلاغ کے جدید ترین ذرائع کے صارفین تک رسائی سے اُسے فلم بینوں کی وہ بڑی تعداد میسر آ سکے گی، جس کی اُسے ضرورت ہےتصویر: DW

فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ 15 جولائی کو ریلیز ہو گی۔ اِس کے لیے فیس بُک پر بھی ایک پیج بنا دیا گیا ہے، جو فلم کی وَیب سائٹ اور یو ٹیوب پر فلم کے ٹریلرز کے ساتھ ساتھ ساتھ ایک نیا اضافہ ہے۔

جہاں تک موبائل فون کی صنعت کا تعلق ہے، چین کے بعد بھارت سب سے تیزی کے ساتھ ترقی کرتی ہوئی منڈی ہے۔ بھارت کی ٹیلی کوم ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق 31 دسمبر سن 2010 تک بھارت میں رجسٹرڈ موبائل فونز کی تعداد 752.2 ملین تھی، جو کہ اُس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 43.2 فیصد زیادہ تھی۔

انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والے رجسٹرڈ بھارتی صارفین کی تعداد 18.69 ملین بتائی گئی ہے، جو کہ اُس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 22.6 فیصد زیادہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سن 2014 تک 1.2 ارب کی آبادی والے بھارت میں 82 فیصد شہریوں کے پاس موبائل فون ہو گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں