1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باتصویر کتابیں: ممتاز سویڈش ادبی ایوارڈ جرمن فنکار کے لیے

علی کیفی dpa, Reuters
4 اپریل 2017

اپنی باتصویر کتابوں کے لیے مشہور جرمن فنکار وولف ایرل برُخ کو سویڈن کے ممتاز ادبی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ وولف ایرل برُخ اس سے پہلے بھی کئی اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2agmW
Schweden Deutscher Kinderbuchautor Wolf Erlbruch bekommt Astrid-Lindgren-Preis
تصویر: picture alliance/dpa/Privat/Peter Hammer Verlag

سویڈن کا یہ ممتاز ادبی اعزاز آسٹریڈ لِنڈگرن میموریل ایوارڈ کہلاتا ہے اور بچوں کے لیے کتابیں تحریر کرنے والی ممتاز سویڈش مصنفہ آسٹریڈ لِنڈگرن سے موسوم ہے، جو 2002ء میں پچانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں اور جن کی کتابیں دنیا بھر میں 145 ملین کی تعداد میں شائع ہو چکی ہیں۔

جرمن السٹریٹر اور مصنف وولف ایرل برُخ نے بچوں کے لیے تقریباً دَس کتابیں تحریر کی ہیں جبکہ وہ پچاس کے لگ بھگ کتابوں کے لیے تصاویر بنا چکے ہیں۔ سویڈن کی ایوارڈ کمیٹی کے مطابق اُنہیں یہ ایوارڈ اس لیے دیا گیا ہے کہ اُنہوں نے تیس برسوں پر پھیلے ہوئے اپنے کیریئر کے دوران ’انسانی وجود کے حوالے سے کچھ بنیادی نوعیت کے سوالات تک ہر عمر کے قاری کو رسائی دی ہے‘۔

Flash-Galerie Kinderbuchklassiker Werner Holzwarth, Wolf Erlbruch, Vom kleinen Maulwurf, der wissen wollte, wer ihm auf den Kopf gemacht hat, Peter Hammer Verlag
ایرل برُخ کا تخلیق کردہ چھچھوندر کا یہ کردار اپنی حرکتوں کی وجہ سے بچوں میں بہت مقبول ہے تصویر: Peter Hammer Verlag

 ایرل برُخ نے اپنے لیے اس ایوارڈ کا اعلان ہونے پر کہا کہ ’ابھی تک ایک سکتے کی سی کیفیت میں ہیں‘۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ابھی کچھ دیر اسی کیفیت میں رہیں گے لیکن یہ ایک زبردست احساس ہے۔

سویڈن کی حکومت نے یہ ایوارڈ اپنے ملک کی دنیا بھر میں معروف مصنفہ آسٹریڈ لِنڈگرن کے اعزاز میں جاری کیا تھا، جو اپنے کردار ’پی پی لانگ سٹاکنگ‘ کے لیے خاص شہرت رکھتی ہیں۔ یہ دو چوٹیوں اور سرخ بالوں والی ایک شرارتی لڑکی کا کردار ہے۔

آسٹریڈ لِنڈگرن میموریل ایوارڈ کی مالیت پانچ ملین سویڈش کراؤن (تقریباً پانچ لاکھ چوّن ہزار ڈالر) ہے۔ وولف ایرل برُخ اپنا یہ ایوارڈ اُنتیس مئی کو سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہولم میں منعقدہ ایک تقریب میں وصول کریں گے۔