1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک سال بعد پاکستان اور بھارت پھر کرکٹ کے میدان میں

عدنان اسحاق27 فروری 2016

برصغیر میں کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں پاکستان اور بھارت آج ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہو رہی ہیں۔ قریب ایک سال کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز معرکے سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1I3ML
تصویر: AP

اس سے قبل پاکستان اور بھارت فروری 2015ء میں آخری مرتبہ کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے تھے۔ یہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ کا ایک میچ تھا۔ عام طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو لاکھوں شائقین دیکھتے ہیں اور اسے کھیلوں کی دنیا کا ایک بڑا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے دونوں ٹیمیں گزشتہ تین برسوں سے کوئی سیریز نہیں کھیل سکی ہیں اور یہ صرف بین الاقوامی مقابلوں میں ہی ایک دوسرے کی حریف ہوتی ہیں۔

آج ہفتہ ستائیس فروری کے روز میچ شروع ہونے سے قبل پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے بھی باہمی روابط میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ’’کھیل ہمیشہ کسی بھی دو ملکوں کے باہمی تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ میرے خیال میں پاکستانی عوام بھارتی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ آفریدی نے مزید کہا کہ کھیلوں کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔

Asian T20 Cricket Cup Indien Sri Lanka
تصویر: DW/T. Saeed

دوسری جانب بھارتی کھلاڑی روہت شرما نے پاکستان کی بولنگ کی تعریف کی ہے۔ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک انتہائی طاقتور ہے۔‘‘ ان کے بقول بھارٹی ٹیم اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے میدان میں اپنے منصوبے پر عمل کرے گی۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے مابین کُل چھ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچز ہو چکے ہیں۔ ان میں سے پاکستان صرف ایک میچ میں بھارت کو شکست دے سکا جبکہ پانچ مرتبہ بھارت میدان سے فاتح بن کر نکلا۔

ایشیا کپ میں کل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں پاکستان، میزبان بنگلہ دیش، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور بھارت شامل ہیں۔ بنگلہ دیش ابھی تک دو میچز کھیل چکا ہے۔ وہ اپنے پہلے میچ میں بھارت سے شکست کھا گیا تھا۔ میزبان ٹیم کے اب تک دو پوائنٹس ہیں۔ بھارتی ٹیم کے پوائنٹس بھی دو ہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت سکی جبکہ سری لنکا کے ایک میچ کے بعد دو پوائنٹس ہیں۔

بارہ روزہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس کے فوری بعد بھارت میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ شروع ہو جائے گا۔