1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈیلیڈ ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ہرادیا

12 جنوری 2011

انگلینڈ نے روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے سیریز کا پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ اپنے نام کر لیا ہے۔ آسٹریلوی شین واٹسن شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر دن کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/zwh3
تصویر: AP

ایڈیلیڈ کے میدان پر کھیلے گئے میچ کا ٹاس آسٹریلوی کپتان کیمرون وائٹ نے جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

ایشز سیریز کی شکست خوردہ آسٹریلوی ٹیم کو اس ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار آغاز ملا۔ افتتاحی بلے بازوں شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 83 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ انگلش ٹیم کی جانب سے پہلا شکار مائیکل یارڈلی نے کیا جن کی گیند پر واٹسن اجمل شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

واٹسن نے اپنی 59 رنز کی دھواں دھار اننگز کے لئے محض 31 گیندیں کھیلیں، جس میں تین بلند و بالا چھکے اور چھ دلکش چوکے شامل تھے۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے والے مائیک ہسی نے جلد از جلد رنز سمیٹنے کی کوشش کی اور محض 27 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز جوڑے۔

Australien Cricket Meisterschaft Neuseeland
شین واٹسن مین آف دی میچ قرار پائےتصویر: AP

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی وارنر تھے جنہوں نے 30 رنز بنائے۔ اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ بیس اوورز میں 157 رنز کا معقول ٹوٹل حاصل کر لیا ۔ سرفہرست انگلش گیند باز یارڈلی رہے جنہوں نے 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز زیادہ اچھا نہیں رہا۔ اوپنر ڈیویسٹ دوسرے اوور میں محض 16 رنز کے مجموعی سکور پر بریٹ لی کا شکار بنے۔ اس کے بعد ایان بیل اور کیون پیٹرسن نے اننگز کو سہارا دیا اور مجموعی سکور 49 تک لے جانے میں کامیاب رہے۔

اس موقع پر مچل جونسن نے ایان بیل کو آؤٹ کردیا ۔ انہوں نے 27 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جیت میں کلیدی کردار ایون مورگن کا رہا جنہوں نے 33 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ میچ انتہائی سنسی خیز رہا جس کا نتیجہ آخری گیند پر نکلا۔ آسٹریلیا کے نمایاں گیند باز بھی واٹسن رہے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں