1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈورڈ کینیڈی انتقال کرگئے

26 اگست 2009

امريکہ کے مقتول صدر جان ايف کينيڈی کے بھائی اور ڈيموکريٹک پارٹی کے سب سے زيادہ با اثر سياستدانوں ميں سے ايک ايڈورڈکينيڈی ستتر سال کی عمر ميں سرطان کے مرض کے باعث وفات پا گئے۔

https://p.dw.com/p/JIso
سینیٹرکینیڈی کی ایک یادگار تصویرتصویر: AP

کينيڈی خاندان نے برسوں تک امريکی سياست پر بہت گہرے اثرات مرتب کئے ہيں۔تين کينيڈی برادران ميں سے آخری، ايڈورڈ کينيڈی بھی اب اس جہان فانی سے رخصت ہو چکے ہيں۔ دوسرے دونوں بھائيوں، ڈلاس ميں قتل ہونے والے جان ايف کينيڈی اور پانچ سال بعد لاس اينجلس ميں قتل ہونے والے رابرٹ کينيڈی کے مقابلے ميں ايڈورڈ کينيڈی کی موت اچانک واقع نہيں ہوئی۔ پچھلے سال مئی ميں ميساچوسيٹس کے سينيٹر کے دماغ ميں ايک رسولی کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد سے ان کی صحت تيزی سے خراب ہوتی گئی۔ ايڈورڈ کينيڈی نے منگل 25 اگست کو اپنے گھر ميں قريبی عزيزوں کے حلقے ميں وفات پائی۔

Barack Obama, Edward Kennedy
ایڈورڈ کینیڈی صدر اوباما کے ساتھتصویر: AP

ايڈورڈ کينيڈی بہت طاقتور شخص تھے، سياسی طور پر اور جسمانی لحاظ سے بھی۔ جس کسی نے بھی انہيں اپنے بھاری بھرکم وجود کو سنبھالتے ہوئے تقارير کے لئے ڈائس کی طرف بڑھتے ديکھا ہے، وہ ايک ايسے انسان کے آہنی ارادے سے متاثر ہوئے بغير نہيں رہ سکا ہوگا، جس کی شخصيت کی کشش اور زور خطابت عظيم الشان اور کينيڈی خاندان کا طرہء امتياز تھی۔

حال ہی ميں امريکہ کے اعلٰی ترين اعزاز تمغہء آزادی وصول کرنے وہ خود نہيں آسکے تھے۔ صدر اوباما نے اس موقع پر کہا تھا: ’’ سينيٹر ايڈ ورڈ کينيڈی تقريباً نصف صدی سے ہماری زندگيوں پر اثر انداز ہو رہے ہيں۔‘‘ تاہم کينيڈی خاندان نے نصف صدی سے بھی زيادہ عرصے تک صرف امريکہ ہی پر اپنے اثرات نہيں ڈالے بلکہ پوری دنيا ان کو جانتی ہے۔

ايڈورڈ کينيڈی، سن 1962ء سے مسلسل امريکی سينيٹ کے رکن رہے۔ انہوں نے امريکی سياست کے قديم ستون کے طور پر صحت اور سماجی بہبود کی سياست کے علاوہ خارجہ سياست اور دفاعی امور ميں اہم کردار ادا کيا اور انہوں نے ہميشہ امن اور آزادی کے لئے بھر پور کوشش کی۔

Flash-Galerie Edward Kennedy
دائیں سے بائیں: ایڈورڈ کینیڈی، رابرٹ کینیڈی اور مقتول صدرجان ایف کینیڈیتصویر: AP

آئر لینڈ سے اپنے آباؤ اجداد کے تعلق کے حوالے سےایڈورڈ کينيڈی نے پس پردہ رہتے ہوئے شمالی آئر لينڈ کے امن سمجھوتے ميں اہم کردار ادا کيا۔ بش حکومت کے شديد ناقد کی حيثيت سے وہ شروع ہی سے عراق کی جنگ کے خلاف تھے، جيسا کہ انہوں نے سن 2004ء ميں کہا تھا: ’’بش حکومت نے ہمارے برسوں پرانے حليفوں کے جذبات کو ٹھيس پہنچائی ہے۔ اس پاليسی سے امريکہ محفوظ تر ہونے کے بجائے اور زيادہ غير محفوظ ہو گيا ہے۔‘‘

ايڈورڈ کينيڈی نے عراق کی جنگ ہی کی طرح اپنی جوانی کے زمانے ميں ويتنام کی جنگ کی بھی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے امريکہ کے سياہ فام شہريوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی۔ وہ آمدنی سے قطع نظر تمام امريکيوں کے لئے ايک ايسے نظام صحت کے پرجوش حامی تھے، جس کے تحت ہر مريض کو علاج کی سہولت حاصل ہو۔

رپورٹ: ڈانيل شيشکيوٹس / شہاب احمد صديقی

ادارت: امجد علی