1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایورسٹ کو سات بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایک نیپالی

مقبول ملک21 مئی 2016

نیپالی کوہ پیما لہاکپا شیرپا وہ پہلی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں، جنہوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سات مرتبہ سر کیا ہے۔ اس سے قبل ایورسٹ کو چھ بار سر کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اسی خاتون نے قائم کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IsEv
Mount Everest
تصویر: picture-alliance/dpa

کھٹمنڈو سے ہفتہ اکیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق نیپالی ذرائع ابلاغ نے آج بتایا کہ لہاکپا شیرپا کی عمر 42 برس ہے اور وہ جمعہ بیس مئی کے روز دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ایورسٹ کو ساتویں مرتبہ سر کرنے میں کامیاب رہیں۔

نیپال کے انگریزی روزنامے ’ہمالیین ٹائمز‘ کے مطابق اس مقامی خاتون کوہ پیما نے سات بار ایورسٹ کو سر کرنے کا جو نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، اس کے ساتھ انہوں نے دراصل اپنا ہی گزشتہ عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنایا ہے کیونکہ کسی خاتون کوہ پیما کی طرف سے ایورسٹ کے چھ بار سر کیے جانے کا ریکارڈ بھی لہاکپا شیرپا ہی کا قائم کردہ تھا۔

لہاکپا شیرپا کے اس منفرد کارنامے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نیپال ہی کی آشا سنگھ نے کہا، ’’ہمارے جیسی خواتین کے لیے لہاکپا ایک ایسی شخصیت ہیں، جو ہمارے لیے راستے تلاش کرتی ہیں۔‘‘ آشا سنگھ خود بھی ایک ایسی کوہ پیما ہیں، جو اب تک دنیا کی سات بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کر چکی ہیں۔

آشا سنگھ نے آج ہفتے کے روز ڈی پی اے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم لہاکپا شیرپا کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرتی ہیں۔ یہ میرے جیسی ان نیپالی خواتین کے لیے بڑے فخر کی بات ہے اور انہیں مزید ہمت دلاتی ہے، جو کوہ پیمائی کے شعبے میں بہت سرگرم ہیں، اس لیے بھی کہ کوہ پیمائی زیادہ تر ایک ایسا پیشہ ہے، جس میں بہت بڑی اکثریت مردوں کی ہے۔‘‘

ماؤنٹ ایورسٹ کے کسی مرد کوہ پیما کی طرف سے زیادہ سے زیادہ مرتبہ سر کیے جانے کا ریکارڈ بھی ایک نیپالی کوہ پیما کا قائم کردہ ہے۔ اس کوہ پیما کا نام اپا شیرپا ہے اور وہ مجموعی طور پر 21 مرتبہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کر چکے ہیں۔

نیپال میں گزشتہ کئی عشروں کے دوران ایسے مقامی شہریوں کی مجموعی تعداد سینکڑوں میں بنتی ہے، جن کے لیے کوہ پیمائی باقاعدہ ایک پیشہ ہے اور واحد ذریعہ معاش۔ اس کے برعکس پیشہ ورانہ بنیادوں پر کوہ پیمائی کے شعبے میں سرگرم نیپالی خواتین کی موجودہ تعداد صرف 22 ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں