1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز سیریز:پونٹنگ آؤٹ، کلارک اِن

31 دسمبر 2010

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ کی انگلی میں فریکچر چوتھے ٹیسٹ سے پہلے کا ہے۔ اس میں شدت کی وجہ سے اب ان کو پانچویں میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ ان کی جگہ نائب کپتان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/zrmy
مائیکل کلارک: فائل فوٹوتصویر: AP

سڈنی میں تین جنوری سے شروع ہونے والے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں رکی پونٹنگ شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی انگلی میں فریکچر ہے اور معالجین نے ان کو آرام کی ہدایت کی ہے۔ چھوٹی انگلی میں پہلے سے پیدا شدہ فریکچر چوتھے میچ میں شرکت کے بعد مزید بڑھ گیا تھا۔ میلبورن ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے ایک انتہائی بڑے فرق سے انگریز ٹیم سے شکست کھائی تھی۔ اسی ٹیسٹ میچ کے بعد پونٹنگ ایشز سیریز بھی ہار گئے تھے۔ زخمی رکی پونٹنگ امکاناً فروری میں شروع ہونے والے کرکٹ کے ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔

مائیکل کلارک کو آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے سڈنی ٹیسٹ میچ کے لئے کپتان مقرر کردیا ہے۔ وہ انگلینڈ ٹیم کے خلاف شیڈیول ایک روزہ میچوں میں بھی کپتانی کریں گے۔ وہ پہلے سے پونٹنگ کے نائب کپتان چلے آ رہے تھے۔ رکی پونٹنگ کی جگہ عثمان خواجہ کو ٹیم شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح پاکستانی نژاد بلے باز کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی ٹیم میں شامل ہونے والے وہ پہلے مسلمان کھلاڑی ہوں گے۔

مائیکل کلارک ان دنوں آسٹریلیا کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ وکٹ کیپر بریڈ ہاڈن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی کافی دنوں سے وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہاڈن کو نئے کپتان بنانے کی وکالت کر رہے ہیں۔ مبصرین کے خیال میں نائب کپتانی تفویض کرنا اصل میں مستقبل میں کپتان مقرر کرنے کی جانب پہلا سٹیپ ہے۔

Cricket Test Match zwischen Indien und Australien
پونٹنگ آؤٹ ہو کر جاتے ہوئےتصویر: AP

کرکٹ کے بعض ماہرین کے خیال میں ایک میچ میں شرکت نہ کرنے سے پونٹنگ غیر ضروری دباؤ سے نجات پانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ وہ مسلسل خراب کارکردگی کی وجہ سے میڈیا اور ماہرین کی تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ کچھ کا خیال ہے کہ اگر اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگریز ٹیم کو شکست سے ہمکنار کردیتی ہے تو پھر پونٹنگ کا مستقبل کیا ہو گا؟ کیا اُس ممکنہ نئی صورت حال میں کرکٹ بورڈ ایک بار پھر پونٹنگ کو قیادت کی دعوت دے گا؟ یہ ایک مشکل سوال ہے جس کا جواب وقت ہی دے گا۔ دوسری جانب ایسے مبصرین بھی ہیں جن کو یقین ہے کہ انگلش ٹیم پانچواں میچ زیادہ آسانی سے جیت سکتی ہے کیونکہ موجودہ ٹیم پہلے ہی اعتماد سےعاری ہے اور پونٹنگ کے بغیر یہ ٹیم ادھوری لگتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں