1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبٹ آباد میں ایک روزہ میچ کے انعقاد کا اعلان

10 مئی 2011

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ایک ون ڈے میچ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ میچ 29 مئی کو کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/11CiT
افغان فیلڈر کیچ پکڑتا ہواتصویر: AP

القاعدہ کے مرکزی رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی کمانڈوز کے آپریشن کے بعد عالمی شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ اسامہ بن لادن کی زندگی میں افغانستان بھی ان کی سرگرمیوں کا خاص محور تھا۔ افغانستان میں متحرک انتہاپسند طالبان بھی القاعدہ کے لیڈر کے ساتھ خاص نسبت رکھتے تھے۔

ایبٹ آباد کا شہر پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے خیبر پختونخوا کا گرمائی صدر مقام بھی ہے۔ پہاڑیوں کے دامن میں واقع یہ چھوٹا سا شہر سویلین حکومت کے ساتھ ساتھ فوجی اہمیت کا حامل بھی ہے۔ اسی شہر کے نواح میں پاکستان آرمی کے افسران کی بنیادی تربیت گاہ پاکستان ملٹری اکیڈیمی قائم ہے۔ کئی اور فوجی اداروں کے ہیڈ آفس بھی اسی شہر میں ہیں۔

Afghanistan vs Pakistan Cricket Asian Games
ایشیائی گیمز میں پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے پر افغان کرکٹر مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

فوجی اہمیت کے علاوہ ایبٹ آباد کا شہر کئی معروف تعلیمی درسگاہوں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ ایبٹ آباد پبلک اسکول و کالج، برن ہال اسکول و کالج کے علاوہ ایوب میڈیکل کالج بھی خاصے مشہور ہیں۔ اس شہر کے ارد گرد نتھیا گلی اور ہزارہ ڈویژن کی پہاڑیاں ہیں۔

کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ ایک تجویز پر غور کر رہا تھا کہ پاکستان میں گرمائی کرکٹ کو متعارف کروایا جائے۔ اس کے لیے ایبٹ آباد کا شہر بھی منتخب کیا گیا تھا مگر بعد میں پاکستان میں سکیورٹی کی خراب صورت حال کی وجہ سے گرمائی کرکٹ کا خواب حقیقت نہ بن سکا۔ اس کے علاوہ کرکٹ کی بین الاقوامی سرگرمیاں بالکل ہی ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔ سن 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور شہر میں دہشت گردانہ حملے کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا دورہء پاکستان ایک بند دروازے کو کھول سکتا ہے۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم اس کھیل میں نووارد ہے۔ اس ٹیم نے البتہ گزشتہ سال چین منعقدہ ایشیائی گیمز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر بہت بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ ایشیائی کھیلوں میں افغان ٹیم چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ اس ٹیم کی کوچنگ پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کر رہے ہیں۔

مہمان افغان ٹیم کے مقابلے میں امید کی جا رہی ہے کہ پاکستانی کی بی ٹیم میدان میں اترے گی۔ پاکستان کی سینئر ٹیم ان دنوں ویسٹ انڈیز میں دورے پردو ٹیسٹ میچوں کی سیریز مکمل کر رہی ہے۔ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو پاکستان نے گزشتہ دنوں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست دی تھی۔

افغان قومی کرکٹ ٹیم اپنے اس دورے کے دوران میزبان ٹیم کے ساتھ تین ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ ستائیس مئی کو کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ کا میزبان شہر راولپنڈی ہے۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز پچیس مئی سے فیصل آباد میں ڈے اینڈ نائٹ میچ سے شروع ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں