1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کاریں اور نقل و حمل

ایئر برلن نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے مدد مانگ لی

15 اگست 2017

جرمنی کی فضائی کمپنی ایئر برلن نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے مالی امداد کی درخواست دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اس کے اہم شیئر ہولڈر اتحاد ایئرویز گروپ کی طرف سے اسے مزید مالی امداد نہ دینے کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2iGiW
Flugzeug von Air Berlin
تصویر: Andreas Wiese/airberlin

جرمن حکومت کے مطابق وہ ابتدائی طور پر اس کمپنی کو ایک سو پچاس ملین یورو کا قرض فراہم کر رہی ہے تاکہ پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ اس وقت جرمنی کے زیادہ تر صوبوں میں بچوں کی چھٹیاں ہیں اور لاکھوں جرمن شہری چھٹیاں گزارنے کے لیے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

ایئر برلن کی حریف جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا نے ایک علیحدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی اس کمپنی کے کچھ حصے خریدنے کے لیے ایئر برلن کے ساتھ مذاکرات کر چکی ہے۔ ایئر برلن ایک عرصے سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران اسے ایک عشاریہ دو ارب یورو مالیت کا نقصان ہو چکا ہے۔

 اتحاد ایئر ویز نے چند برس پہلے اس کے شیئرز کا ایک اہم حصہ خرید لیا تھا اور یہ عرب کمپنی اس کے بعد سے اسے متعدد مالی پیکیجز بھی فراہم کر چکی ہے۔ تاہم اب اس نے بھی مزید مالی مدد فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

Deutschland Air Berlin Symbolbild
تصویر: Getty Images/S. Gallup

ایئر برلن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے مالی امداد کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام اتحاد ایئرویز کی جانب سے مزید مالی امداد فراہم نہ کرنے کا نوٹیفیکیشن ملنے کے بعد کیا جا رہا ہے۔‘‘

اس ایئر لائن کے انتیس فیصد شیئرز رکھنے والے اتحاد ایئر لائن گروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ’’صورتحال انتہائی مایوس کن ہے اور اپریل میں اضافی 250 ملین یورو فراہم کرنے کے بعد اب مزید فنڈز فراہم نہیں کیے جا سکتے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’ایئر برلن کا کاروبار غیر معمولی طور پر خراب ہو رہا ہے اور اس کے اہم مسائل پر قابو پانا ممکن نظر نہیں آ رہا۔‘‘

جرمنی کی مزدور یونین ’ویرڈی‘ نے ایئر برلن کے اس اعلان کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر ملازمین کے لیے اچھی نہیں ہے اور ملازمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب جرمن حکومت نے کہا ہے کہ ابتدائی مالی امداد سے ایئر برلن آئندہ چند ماہ تک پروازوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے قابل ہو گی۔