1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اگلے برس سے سلوواکیا کی کرنسی بھی یورو

گوہر نذیر گیلانی19 جون 2008

برسلز میں جاری دو روزہ سمٹ میں یورپی یونین کے حکومتی اور ریاستی سربراہان نے سلوواکیا کی یورو زون میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح سلوواکیا سولہواں یورپی ملک بن جائے گا جہاں یورو کرنسی رائج ہوگی۔

https://p.dw.com/p/EN6f
تصویر: AP

یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک سلووینیا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یکم جنوری دو ہزارنو سے سلوویکیا میں یورو کرنسی کا باقاعدہ طور پر استعمال شروع ہوجائے گا۔

ستائیس ممالک پر مشتمل یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے سلوویکیا کو یورو زون میں شامل کرنے پر اتفاق کیا۔ یورپی وزرائے خارجہ کے مطابق سلوویکیا نے معاشی اعتبار سے وہ اہداف حاصل کرلئے ہیں جو یورو زون میں شامل ہونے کے لئے لازمی ہیں۔

EU Belgien Krisengipfel berät Irlands Nein zum Lissabon-Vertrag
آئرلینڈ کے وزیر اعظم برائن کاوین یورپی کمیشن کے صدر ہوزے مانیول کے ہمراہ برسلز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

دریں اثناء یورپی یونین کے حکومتی اور ریاستی سربراہان لزبن کے ترمیم شدہ یورپی آئین کی آئرلینڈ کی طرف سے نامنظوری کے بعد اس پیکیج پر برسلز میں جاری سمٹ میں صلاح و مشورے کررہے ہیں۔

مذکورہ سربراہ کانفرنس میں پیٹرول اور تیل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے تعلق سے بھی مشورے کئے جائیں گے۔

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعرات کے روز برسلز روانہ ہونے سے قبل جرمن پارلیمان سے خطاب کیا۔ جرمن چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لزبن معاہدے کو بچانا اشد ضروری ہے۔ اُن کے نذدیک اس سلسلے میں پہلا قدم آئرلینڈ کی حکومت کے ساتھ معنی خیز بات چیت ہے۔