1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اپنے انڈے بچانے کے لیے مچھلی نے عورت کو کاٹ لیا

مقبول ملک25 اگست 2016

جنوبی جرمنی کی ایک جھیل میں ایک کیٹ فش یا گربہ ماہی نے اپنے انڈے بچانے کے لیے ایک عورت کو کاٹ لیا۔ ماہرین کے مطابق یہ نر گربہ ماہی دو میٹر لمبی تھی، اور اس نے جھیل میں تیرنے والی ایک خاتون کو اس کی دائیں ران پر کاٹا۔

https://p.dw.com/p/1JpdP
Italien Deutsche Angler fangen 2,5-Meter langen Wels
اٹلی کے ایک دریا سے ایک جرمن شہری کی طرف سے کچھ عرصہ قبل پکڑی گئی ایک ڈھائی میٹر طویل گربہ ماہی، جس کا وزن 117 کلوگرام تھاتصویر: picture-alliance/dpa/DB Blinker

جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات پچیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اپنی قسم کی اس غیر معمولی حد تک بڑی مچھلی کی طرف سے کسی انسان کو کاٹنے کا یہ واقعہ جنوبی جرمن صوبے باویریا میں کوئسناخ کی ایک مضافاتی جھیل میں پیش آیا۔

باویریا کے ایک علاقائی روزنامے ’شٹراؤبِنگر ٹاگ بلاٹ‘ نے اپنی اشاعت میں لکھا کہ اس مچھلی کی طرف سے اچانک حملے میں ایک خاتون پیراک، جس کا نام ذاتی کوائف کے تحفظ کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا گیا، زخمی تو ہو گئی تاہم اس کے یہ زخم شدید نہیں تھے۔

اخبار کے مطابق، ’’ایک کیٹ فش (catfish) نے اس خاتون کو بدھ چوبیس اگست کے روز اس کی دائیں ران پر کاٹا لیکن یہ خاتون تیر کر واپس جھیل کے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔‘‘ رپورٹ کے مطابق اس مچھلی نے خاتون کی دائیں ٹانگ کے بالائی حصے پر اپنے دانٹ گاڑھ دیے تھے، اس کے علاوہ اسے اپنے آپ کو چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے کچھ خراشیں بھی آئیں۔

بعد ازاں باویریا کی فشنگ ایسوسی ایشن کے ایک مرکزی عہدیدار یوہانیس شنَیل نے اس اخبار کو بتایا کہ مچھلی کے کاٹنے کے نشانات اور ان کی نوعیت اس امر کا ثبوت ہیں کہ وہ ایک نر مچھلی تھی اور اس کیٹ فش کی لمبائی کم از کم بھی دو میٹر ہو گی۔ یوہانیس شنَیل نے کہا کہ اس مچھلی نے یہ حملہ لازمی طور پر اپنے انڈوں کو بچانے کے لیے کیا۔

Frankfurt (Oder) Angler fängt großen Wels
جرمن صوبے برانڈن برگ میں فشنگ کا شوقین ایک شہری اپنی شکار کی ہوئی 1.85 میٹر طویل کیٹ فش کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa/P. Pleul

یوہانیس شنَیل نے Straubinger Tagblatt کو بتایا، ’’مچھلیوں کے انڈوں سے بچے نکلنے کے موسم میں ایسے حملے کوئی غیر عمومی واقعات نہیں ہوتے۔ لیکن کوئی کیٹ فش یا گربہ ماہی بالعموم کسی انسان پر ایسا حملہ نہیں کرتی کہ وہ انسانی زندگی کے لیے خطرہ بن جائے۔‘‘

ماہرین کے مطابق ایک بڑی کیٹ فش کی لمبائی بھی عام طور پر 1.2 میٹر سے لے کر 1.6 میٹر تک ہوتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں