اٹلی میں ٹریں حادثہ، مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی
30 جون 2009مقامی پولیس کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب اٹلی کے ساحلی شہر ویاریگیو کے ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین دوران سفر پٹری سے اتر گئی۔ اس میں مائع گیس سے بھری دو ٹینکر بوگیاں دھماکے سے پھٹ گئیں۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے پھیلتی چلی گئی اور اس کے لپیٹ میں دس مکانات بھی آگئے۔ اس واقعے میں 35 شدید جھلسے ہوئے افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریب واقع دو عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں۔ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔ امدادی عملے کے مطابق تلاش کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ مابردار اس ٹرین پر لدے دیگر گیس ٹینکرز پھٹ جانے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واقعہ کے بعد تقریبا ایک ہزار افراد کو علاقے سے نکال لیا گیا۔ کئی افراد کو وقتی طور پر خیموں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اب تک اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم تفیشی عمل ابھی جاری ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : کشور مصطفیٰ