1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اَوتار‘:کم ترین وقت میں ایک بلین ڈالر کا ریکارڈ بزنس

5 جنوری 2010

شوبز کی دُنیا میں اب تک کی سب سے زیادہ سرمائے سے بنائی جانے والی فلم ’اَوتار‘ نے سب سے کم وقت یعنی صرف تین ہی ہفتوں کے اندر باکس آفس پر ایک بلین ڈالر کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LL6g
تصویر: 20th Century Fox

ابھی اس فلم کی نمائش دنیا بھر کے سنیما گھروں میں جاری ہے۔ ایک مہینے کے اندر ہی اس فلم نے دنیا کی چوتھی کامیاب ترین فلم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ تین سو ملین ڈالر کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم سب سے زیادہ منافع بخش رہے گی۔

گزشتہ ماہ ریلز ہوئی تھری ڈی سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ نے گزشتہ ویک اینڈ تک صرف شمالی امریکہ میں 352.1 ملین ڈالرجبکہ دنیا بھر میں ایک بلین ڈالر کا بزنس مکمل کیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران اس فلم نے شمالی امریکہ میں ہی 68.3 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔

Großbritannien Kanada Film Regisseur James Cameron und Suzy Amis
ہدایت کار جیمز کیمرون اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: AP

اس سے قبل یہ اعزاز فلم ’اسپائیڈر مین‘ کو حاصل تھا جس نے تین ہفتوں کے اندر 45 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

اس وقت تک سب سے کامیاب ترین اور منافع بخش فلم ’ٹائٹینک‘ ہے، اور اس فلم کے ہدایتکار بھی جمیز کیمرون ہی ہیں۔ اس فلم نے دنیا بھر میں تقریبا 1.8 بلین کا بزنس کیا۔

یوں جیمز کمیرون ایسے پہلے ہدایت کار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک ایک بلین ڈالر کا بزنس کیا ہے۔ اب تک کل پانچ فلمیں ایسی ہیں جنہوں نے ایک بلین ڈالر کا بزنس کیا ہے۔ دیگر فلموں میں ’لارڈ آف دی رنگز، دی ریٹرن آف دی کنگ‘ نے 1.13 بلین ڈالر کا بزنس کیا ہے، ’پائرٹس آف دی کیریبین: ڈیڈ مینز چیسٹ‘ نے 1.06 بلین ڈالر کا بزنس کیا ہے جبکہ ’ڈارک نائٹ‘ نے ایک بلین سے کچھ زائد کا بزنس کیا ہے۔

واضح رہے کہ سن 1997ء میں ریلز ہونے والی فلم ’ٹائٹینک‘ کے بعد ’اوتار‘ جمیز کمیرون کی پہلی فلم ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل