اویس شاہ بازیاب
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے مغوی بیٹے بیرسٹر اویس شاہ کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کی جانے والی ایک کارروائی میں انہیں ٹانک سے بازیاب کرایا گیا۔
فوج اویس شاہ کی بازیابی کے لیے سرگرم تھی
جنرل عاصم باجوہ کے مطابق اغوا کار اویس علی شاہ کو برقعہ پہنا کر ڈیرہ اسماعیل کی طرف لے جا رہے تھے۔ ٹانک جانے والے راستے میں ایک چیک پوسٹ پر ایک نیلے رنگ کی گاڑی چیکنگ کے لیے چوکی پرنہیں رکی اور ڈرائیور نے گاڑی سمیت فرار ہونے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی افواج کے اہلکاروں نے ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
القاعدہ اور تحریک طالبان پاکست کا ایک منحرف گروہ ملوث
جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ اویس شاہ کے اغوا میں تحریک طالبان پاکست کا ایک منحرف گروہ اور القاعدہ ملوث تھے۔ اویس شاہ کی بازیابی پر کئی افراد نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا۔
بازیابی کی اطلاع سب سے پہلے آرمی چیف کو دی گئی
اویس شاہ کی بازیابی کی اطلاع سب سے پہلے آرمی چیف دی گئی جنہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کو آگاہ کیا۔ اویس شاہ کے والد نے میڈیا کو بتایا،’’صبح کے تین بجے آرمی چیف نے فون پر میرے بیٹے کی بازیابی کی اطلاع دی تھی۔‘‘ سجاد علی شاہ نے کہا کہ صرف پاکستان کی فوج میرے بیٹے کی بازیابی کی ذمہ دار ہے۔
خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا
صبح ہوتے ہی اویس شاہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی میں ان کے گھر پہنچایا گیا۔ اویس شاہ کی بازیابی کی خبر عام ہوتے ہی ان کے گھر پر اعلٰی سول اور عسکری حکام کے علاوہ عزیز و اقارب کی آمد شروع ہوگئی۔
ہائی پروفائل شخصیات کے اغوا
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کی فوج نے صوبے پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور سابق وزیر اعظم کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بھی اغوا کاروں سے بازیاب کروایا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران عاصم باجوہ نے کہا کہ ہائی پروفائل شخصیات کو اغوا کر کے دہشت گرد خوف پھیلانا چاہتے تھے،’’ہم ان افراد کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے صبر سے یہ مشکل وقت گزارا‘‘
آرمی چیف نے سکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی کو سراہا
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اویس شاہ کی باحفاظت بازیابی کے بعد بھی اغوا کی تحقیقات جاری رہیں گی۔ ان کے بقول دیگر اداروں کے ساتھ مل کر اغوا کے تمام محرکات پر کام جاری رکھا جائے گا۔ جنرل باجوہ کی ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف نے انٹیلیجنس اور سکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔