1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اورکزئی آپریشن: ’تکمیل کا دعویٰ درست نہیں‘

14 جون 2010

پاکستانی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ کہ اورکزئی ایجنسی کو عسکریت پسندوں سے مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے اور وہاں مکمل حکومتی عمل داری قائم کر دی گئی ہے، صرف دعووں کی حد تک ہی درست دکھائی دیتا ہے۔

https://p.dw.com/p/NqQb
تصویر: AP

دفاعی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پاکستانی فوج کے یہ دعوے سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے 2003ء میں کئے گئے ان دعووں کی طرح غلط تخمینے کا نتیجہ ہو سکتے ہیں، جن میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ افغانستان جنگ فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے قبائلی علاقوں میں کارروائی اور عسکریت پسندوں کی سرکوبی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ ابھی جنگجوؤں کے بنیادی اڈے سلامت ہیں اور وہ بڑی آسانی سے کسی بھی علاقے کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Flash-Galerie Pakistan: Soldaten in Lahore, Pakistan
پاکستانی فوج قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں سے برسرپیکار ہےتصویر: AP

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق مبصرین کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر فوج کی طرف سے ایسے دعووں کا ایک واضح مقصد عوامی حوصلے بڑھانے کی کوشش ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نہایت چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو بڑھا چڑھا کر عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہو۔

پاکستانی فوج کے ایک سابق جنرل اور معروف دفاعی تجزیہ کار طلعت حسین کے مطابق فوج کی طرف سے ایسے دعووں کو عوام میں پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔

’’عوام سوچتے ہیں کہ شاید یہ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ ہے، خصوصا اورکزئی ایجنسی کی۔ مگر فوج ایسے دعووں کی مدد سے عوام کو اطمینان کا احساس دلانے کی کوشش کرتی ہے۔‘‘

طلعت حسین کے مطابق فوج کی طرف سے کامیابیوں کے دعووں کے ساتھ ساتھ طالبان کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے ان دعووں کے بارے میں اب سوالات بھی اٹھائے جانے لگے ہیں۔

Pakistan Militärsprecher Athar Abbas in Rawalpindi
پاکستانی فوج کی جانب سے لاگاتار کامیابیوں کے دعوے کئے جا رہے ہیںتصویر: AP

’’میرے خیال میں یہ عسکریت پسندوں کی قوت کا غلط اندازہ لگا کر لڑی جانے والی جنگ دکھائی دے رہی ہے اور فوج کو ایسے غیر ضروری اعلانات سے پرہیز کرنا چاہئے۔‘‘

اورکزئی ایجنسی کو پاکستانی طالبان کا اہم ترین مرکز سمجھا جاتا ہے اور فوج نے گزشتہ ماہ اس ایجنسی کے مرکزی علاقے کالایا سے 60 کلومیٹر دور طالبان کا گڑھ کہلانے والے علاقے ڈجابوری پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس دعوے کے فورا بعد پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اورکزئی ایجنسی کا دورہ کرتے ہوئے وہاں فوجی آپریشن کی تکمیل کا اعلان کر دیا تھا۔ تاہم اس اعلان کے صرف ایک ہی روز بعد اسی علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان ایک جھڑپ میں 20 جنگجوؤں کی ہلاکت کا اعلان بھی کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کے ایک قبائلی رہنما لعل جان کے مطابق اورکزئی ایجنسی میں صورتحال انتہائی نازک ہے۔ ’’طالبان نے اہم پہاڑی چوٹیوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہ بڑی آسانی سے واپس لوٹ سکتے ہیں۔‘‘

تین جون کو درجنوں عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس میں چھ فوجی ہلاک ہو گئے۔ حکومت کے مطابق اس حملے میں ملوث 30 عسکریت پسند مارے بھی گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مسلسل جھڑپوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ اس علاقے میں فوجیوں اور عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باوجود طالبان اب بھی اورکزئی ایجنسی کے اہم مقامات پر قبضہ کئے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں