1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اوبی‘ بہادری کا سرکاری انعام حاصل کرنے والا کتا

19 اکتوبر 2011

اگست میں برطانیہ کے شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے علاوہ پولیس کےکئی کتے بھی زخمی ہوئے، ان میں سے ایک کتا ’اوبی‘ بھی تھا۔ دوبارہ صحت یاب ہونے پر اس کتے کو بہادری کا سرکاری ایوارڈ دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12uy4
تصویر: dapd

لندن میں ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے پولیس کے ساتھ ان کا کتا ’ اوبی‘ بھی ڈیوٹی پر تھا۔ اس دوران بلوائیوں کی جانب سے پتھراؤ کے دوران اس کی کھوپڑی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اوبی زخمی ہونےکے باوجود اپنی ڈیوٹی کرتا رہا اور اپنے مالک کو شک بھی نہیں ہونے دیا کہ وہ زخمی ہو چکا ہے۔ بہرحال چند گھنٹوں بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد تصدیق کی گئی کہ اوبی کے سر میں چوٹ آئی ہے۔ اوبی اب دوبارہ صحت یاب ہو چکا ہے اور اس نے دوبارہ سے اپنے محکمے کے لیے خدمات انجام دینا شروع کردی ہیں۔ اب اسے پولیس کے محکمے کی جانب سے غیر معمولی بہادری دکھانے پر سرکاری اعزاز دیا گیا۔

Verstärkte Sicherheitskontrollen in Frankreich nach Terroranschlägen in London
فوجداری تفتیش میں تربیت یافتہ کتے خاصے اہم ہوتے ہیںتصویر: AP

جرمن شیفرڈ نسل کے اوبی کی عمر تین برس ہے۔ اس کے مالک فل ویلز نے بتایا کہ وہ اپنے کتے کے ساتھ ٹوٹن ہائم کے علاقے میں ڈیوٹی پر تھے۔ یہ وہ علاقہ ہے، جہاں سے لندن میں بدامنی کی ابتداء ہوئی تھی۔ ویلز کے بقول ’’ہم پر پٹرول بم، اینٹوں اور خالی بوتلوں سے حملہ کیا گیا۔ میرے خیال میں اوبی کے سر پر ایک اینٹ آ کر لگی۔ اوبی اس موقع پر نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ کام کرتا رہا‘‘۔ ویلز نے مزید بتایا کہ چند گھنٹوں بعد جب اوبی کے ایک نتھنے سے خون بہنا شروع ہوا تو اسے فوری چیک اپ کے لیے بھیج دیا گیا۔ اس دوران اسکیننگ سے معلوم ہوا کہ اس کی داہنی آنکھ کے اوپر والے حصے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ ویلز نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے اوبی کو اجازت تو دے دی ہے کہ وہ دوبارہ سے اپنا کام کر سکے تاہم پوری طرح ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے اسے ابھی کچھ وقت لگے گا۔

جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے ایک بین الاقوامی تنظیمIFAW نے اوبی کو ایک تقریب میں بہادری کا خصوصی اعزاز دیا۔ یہ تقریب ہاؤس آف لارڈز میں منعقد ہوئی اور اوبی اپنے مالک فل ویلز کے ساتھ اپنا انعام لینے کے لیے آیا۔ اس موقع پر IFAW کے ڈائریکٹر روبی مارسلانڈ نے کہا کہ اوبی نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا ہے، اس کے بعد وہ اس انعام کا صحیح حق دار ہے۔ اوبی کے یونٹ میں مزید آٹھ کتے اور ہیں۔ وہ بھی ٹوٹن ہائم میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں