1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کا امریکیوں سے اتحاد کا مطالبہ

13 جنوری 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے عوام سے جذبات بھرے انداز میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی جمہوریت سے جُڑی امیدوں کو حقیقت میں ڈھالنے کے لئے بھرپور کوششیں کریں۔

https://p.dw.com/p/zwwo
تصویر: dapd

اوباما نے ایریزونا واقعے میں مرنے والوں کی یادگاری تقریب سے خطاب کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ ایریزونا کے شہر ٹسکن میں ایک مبینہ جنونی امریکی شخص نے ایک مجمعے پر بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی۔

اس حملے میں خاتون ڈیموکریٹ رکن کانگریس گيبريل گیفورڈز شدید زخمی ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی طور پر 20 افراد کو گولياں لگيں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ شخص حکومتی پالیسیوں سے خوش نہیں تھا۔

Anschlag Arizona USA Gabrielle Giffords
جائے حادثہ پر کھڑے افسردہ امریکی شہریتصویر: AP

مرنے والوں کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب میں امریکی صدر اوباما نے کہا کہ ہم سب کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ مرنے والے معصوم بچی نے امریکی جمہوری معاشرے سے جو امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں انہیں پورا کیا جائے۔ امریکی معاشرے میں سیاسی بنیادوں پر ایک دوسرے سے بڑھتی نفرت پر سماجی حلقے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کو چاہیے کہ ایک دوسرے کو نشانہ نہ بنائیں، یعنی ڈیموکریٹ اور ری پبلکن اپنے اختلافات کو منطقی حد تک رکھیں۔ اوباما کے الفاظ تھے کہ، ’’ یہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ایک لمحے کے لئے رُک کر سوچیں، اور یہ یقین کریں کہ ہم ایک دوسرے سے اس انداز میں بات کر رہے ہیں، جس سے درد کم ہو نہ کہ زخم بڑھے۔‘‘

امریکی صدر نے اس موقع پر حاضرین کو یہ کہہ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا کہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج زخمی گیفورڈز نے پہلی مرتبہ آنکھیں کھول لیں ہیں۔ یہ دعائیہ تقریب ایریزونا یونیورسٹی میں منعقد کی گئی تھی، جس میں لگ بھگ 14 ہزار شہری شریک ہوئے۔

NO FLASH Anschlag Arizona USA Gabrielle Giffords
گيبريل گیفورڈزتصویر: picture alliance / dpa

امریکی حکام عندیہ دے چکے ہیں کہ چونکہ ملزم لوگھنر کی فائرنگ سے ایک وفاقی جج کے بشمول چھ افراد ہلاک ہوئے لہذا اسے ممکنہ طور پر موت کی سزا سنادی جائے گی۔

اس واقعے سے جُڑی ایک حیرت انگیز حقیقت یہ ہے کہ مرنے والوں میں شامل نو سالہ کرسٹینا، 11 ستمبر 2001ء کو پیدا ہوئی تھیں۔ اپنے خطاب میں اوباما نے امریکیوں کے لئے اہم اس تاریخ کا بھی تذکرہ کیا اور امریکیوں سے اتحاد کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں