انیل کمبلے تیسرے ٹیسٹ کے لئے تیار
22 اکتوبر 2008فیروز شاہ کوٹلہ، بھارتی لیگ اسپنر انیل کمبلے کا پسندیدہ میدان ہے۔ کاندھے میں چوٹ کے باعث کمبلے موہالی ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ موہالی ٹیسٹ میچ میں ون ڈے ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کپتانی کے فرائض سر انجام دئے تھے ۔ اس میچ میں بھارت نے 320 رنز سے فتح حاصل کی۔
انیل کمبلے نے کوٹلہ میدان پر اپنے چھہ ٹیسٹ میچوں میں پچپن وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور یہ وہی میدان ہے جہاں انہوں نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف ایک ہی اننگز میں تمام دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کمبلے نے اپنے اخباری کالم میں مہیندر سنگھ دھونی کی موہالی ٹیسٹ میں کپتانی کی ستائش کی اور کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے زبردست لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں پر مبنی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں کمبلے نے کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی اور بھارتی ذرائع ابلاغ میں ان کی کپتانی اور فٹ نیس پر شدید نکتہ چینی جاری ہے۔