1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف وائٹ واش مکمل کیا

5 مارچ 2010

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے میچ میں 45 رنز سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ تیسرے میچ میں انگلینڈ نے 284 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم 239 رنز ہی بنا سکی۔

https://p.dw.com/p/MLVI
انگلش کھلاڑی بروڈ اور پیٹرسنتصویر: AP

سیریز کے پہلے میچ میں انگلش کپتان کوک اور تجربہ کار کولنگ وُڈ نے اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا، دوسرے میچ میں اوئن مارگن نے ’میچ وننگ‘ سنچری بنائی اور تیسرے میچ میں نوجوان افتتاحی بیٹسمین کریگ کیس ویٹر نے سنچری سکور کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم رول نبھایا۔ یہ بائیس سالہ انگلش اوپنر اپنے کیریئر کا تیسرا میچ کھیل رہا تھا۔

Kricket Australien England
نوجوان انگلش بلے باز اوئن مورگنتصویر: AP

انگلینڈ نے چٹاگانگ میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ کپتان کوک، کولنگ وُڈ، مارگن اور لیوک رائٹ نے بالترتیب 32، 36، 36 اور 32 رنز بنائے۔ بنگلہ دیشی سپن بولر عبدالرزاق نے چالیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

Cricket irland besiegt Bangladesh
ان فارم بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آوٴٹ ہوگئےتصویر: AP

جواب میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 239 رنز ہی بنا سکی۔ بنگلہ دیش ٹیم کی طرف سے آفتاب احمد نے 46، مشفق الرحیم نے 40 جبکہ کپتان ثاقب الحسن نے 38 رنز سکور کئے۔ اس میچ میں انگلینڈ کی طرف سے 107رنز کی اننگز کھیلنے والے کریگ کیس ویٹر مین آف دی میچ جبکہ اوئن مارگن مین آف دی سیریز قرار پائے۔

یہ سیریز کئی لحاظ سے انگلینڈ کے لئے اچھی رہی کیونکہ دو مرتبہ نوجوان کھلاڑی ٹیم کو مشکل حالات سے نکال کر بہتری کی طرف لے گئے۔ سٹار بلے باز کیوین پیٹرسن پوری سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: شادی خان سیف