1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر 19 ورلڈ کپ: فائنل میں آسٹریلیا اور پاکستان

27 جنوری 2010

آسٹریلیا میں جاری کرکٹ کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے کر اِس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، جہاں اُس کا مقابلہ جمعے کو پاکستان کے ساتھ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/LiD8
تصویر: AP

بدھ کو آسٹریلوی انڈر 19 کےکپتان مچل مارش نے ایک سو دَس گیندوں پر ستانوے رنز بناتے ہوئے سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیم کی کامیابی کی راہ ہموار کی۔ یہ میچ کرائسٹ چرچ کے قریب لنکن کے مقام پر کھیلا گیا۔ مارش کو دوسرے اوور میں کریز پر بھیجا گیا تھا، جب سر ی لنکا کے اسکور 205 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے ابھی صرف تین رنز بنائے تھے اور اُس کا ایک کھلاڑی آؤٹ بھی ہو گیا تھا۔

بائیس ویں اوور تک بھی صورتِ حال یہ تھی کہ آسٹریلیا کے پانچ کھلاڑی پچانوے کے اسکور پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ اِس کے بعد مارش اور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹومس آئن فرانسس ٹرائی ٹفٹ نے چھٹی وکٹ کی پارٹنرشپ میں 78 رنز بنائے۔ جب مارش کو رمیش بڈیکا نے اڑتیس ویں اوور میں آؤٹ کیا، تو آسٹریلیا 171 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ فتح کی منزل کے بہت قریب پہنچ چکا تھا۔

206 کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے لیکن آسٹریلیا کو اپنی مزید دو وکٹیں کھونا پڑیں اور یوں ابھی 9 گیندیں باقی تھیں کہ آسٹریلوی ٹیم یہ سیمی فائنل دو وکٹوں سے جیت گئی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ کی زبردست بولنگ نے، جنہوں نے صرف چھبیس رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، سری لنکا کے بلے بازوں کو حیران و پریشان کر دیا۔ گیارہویں اوور تک سری لنکا کے پانچ کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور کو محض پینتیس رنز تک پہنچانے کے بعد آؤٹ ہو چکے تھے۔

اب فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا پاکستان سے ہو گا، جو پہلے ہی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اِس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ پاکستانی ٹیم واحد ٹیم ہے، جو اِس ٹورنامنٹ کا ایک بھی میچ نہیں ہاری جبکہ آسٹریلیا اپنا ایک پول میچ جنوبی افریقہ سے ہار گیا تھا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عاطف بلوچ