1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرنیٹ: انتہاپسندوں کے لئے بھی مفید ٹیکنالوجی

6 ستمبر 2009

انٹرنيٹ، ايک بہت جديد، تيزرفتار اور مؤثر ذريعہ ابلاغ ہے۔ اس کو غلط مقاصد کے لئے استعمال کرنے والے اس کی ان خصوصيات کو بھرپور طور پر استعمال کررہے ہيں۔ ان ميں دائيں بازو کے انتہا پسند بھی ہيں۔

https://p.dw.com/p/JTLq
تصویر: picture-alliance/ dpa
Logo YouTube
دائیں بازو کے انتہا پسند ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹس بھی استعمال کر رہے ہیں

اس وقت ایسی ویب سائٹس کی تعداد تقریبا 800 ہے، جن پر دائيں بازو کے انتہاپسندانہ نظريات پيش کئے جارہے ہيں۔ یہ سائٹس بالخصوص نوجوانوں کو مخاطب کر رہی ہیں۔

انٹر نيٹ پر دائيں بازو کا انتہاپسند پراپيگنڈا ہر جگہ ہی نظر آتا ہے۔ اس قسم کی سی ڈيز کو بڑی آسانی سے ڈاؤن لوڈ کيا جاسکتا ہے۔ دائيں بازو کے انتہاپسند يا نئے نازی اب جو ويڈيوز انٹرنيٹ پر پيش کررہے ہيں، ان ميں وہ احتياط سے کام ليتے ہوئے مخصوص نازی نشانات نہيں دکھاتے۔ ان ويڈيوز ميں موسيقی کا خاص دخل ہوتا ہے۔

ان ميں ايسے نوجوان نئے نازی دکھائے جاتے ہيں جو ديواروں پر رنگوں کے ذريعے تحريريں لکھتے،کئی منزلہ عمارتوں سے اشتہار پھينکتےاور ايس ايم ايس پيغامات کے ذريعے اچانک مظاہروں کا انتظام کرتے نظر آتے ہيں۔ جرمنی کی، نوجوانوں کے تحفظ کی تنظيم کے اشٹيفن گلازر نے انٹرنيٹ پر نئے نازيوں کے سابقہ اور موجودہ پروگراموں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا:

'ايک زمانے ميں نئے نازی خود کو نئے نازيوں ہی کی صورت ميں پيش کرتے تھے، ليکن اب وہ دوسرے نوجوان گروپوں اور حلقوں کی علامتیں استعمال کرتے ہيں۔ خاص طور پر وہ بائيں بازو کا رجحان رکھنے والے گروپوں کا سا انداز اپناتے ہيں۔ يوں پہلی نظر ميں وہ نئے نازيوں کے طور پر نہيں پہچانے جاتے۔'

Twitter Logo
سوشل نیٹ ورکنگ کی سائٹس پر بھی انتہاپسندوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہےتصویر: twitter.com

Twitter اور يو ٹيوب جيسے ويڈيوپورٹلز پر دائيں بازو کے انتہا پسندوں يا نئے نازيوں کے ويڈيوز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ يہی نہيں، ان کی ويب سائٹس ميں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ 2007 ميں نوجوانوں کے تحفظ کی تنظيم نے 1700 جرمن انٹرنيٹ صفحات کو دائيں بازو کے انتہا پسند مواد والے صفحات قرار ديا تھا۔ تاہم رواں برس اگست ہی ميں ان کی تعداد 1800تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ جرمنی کے نئے نازيوں اور ان کی سياسی پارٹی NPD کی پانچ سو ويب سائٹس بھی ہيں۔

نوجوانوں کے تحفظ کی تنظيم کو جب انٹرنيٹ پر دائيں بازو کے انتہا پسندوں کے کسی پروگرام کی خبر ملتی ہے تو وہ اسے متعلقہ حکام تک پہنچاتی ہے يا پوليس کو براہ راست اس کی اطلاع ديتی ہے۔ وہ اکثر انٹرنيٹ سروس مہيا کرنے والوں کو بھی مطلع کرتی ہے کہ وہ نئے نازی مواد کو اپنے صفحات سے نکال ديں۔ جرمنی ميں انٹر نيٹ کو دائيں بازو کے انتہا پسندانہ يا نئے نازی پراپيگنڈے کے لئے غلط طور پر استعمال کرنے کے سلسلے ميں، تقريبا 80 فيصد صورتوں ميں ان صفحات کو يا تو مٹا ديا جاتا ہے يا ان تک پہنچ کو روک ديا جاتا ہے۔

رپورٹ: پانا يوتس کوپارانس/ شہاب احمد صديقی

ادارت: ندیم گِل