1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امیر اور بڑے صنعتی ملکوں کے گروپ ایٹ کا سربراہ اجلاس

رپورٹ: عابد حسین ، ادارت: کشور مصطفیٰ8 جولائی 2009

بُدھ سے شروع ہونے والے گروپ ایٹ کا سربراہ اجلاس تین ایام پر محیط ہے۔ جمعرات کو گروپ پانچ کے ملکوں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی اور جمعہ کو نو افریقی ملک اِس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/IjKR
بُدھ سے شروع ہونے والے گروپ ایٹ کے اجلاس کا لوگوتصویر: picture-alliance/dpa

دنیا کے صنعتی اور امیر ترین ملکوں کے گروپ جی ایٹ کا سربراہ اجلاس اٹلی کے زلزلے سے تباہ ہونے والے شہر لاکیلا میں آج سے شروع ہو رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ عالمی کساد بازاری سے لیکر ایران کے صدارتی الیکشن کے بعد کی صورت حال اور اسکے متنازعہ جوہری پروگرام کو آٹھ صنعتی ملکوں کے سربراہان اپنی گفتگو کا موضوع بنائیں گے۔

گروپ ایٹ کے اجلاس میں ایک اہم موضوع عالمی تجارت میں ڈالر کی متبادل کرنسی کی تجویز کو پیش کرنا ہے۔ اِس اجلاس کے موقع پر امریکی کرنسی ڈالر کی قدر میں کمی سے روس، برازیل اور چین کی متبادل کرنسی کی تجویز کو مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔ اِس مناسبت سےبرازیل کے صدر کا مؤقف ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ڈالر پر بھروسہ کرنے کے بجائے کسی اور کرنسی کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کا۔ ماسکو حکومت کے اہم اقتصادی مشیر Arkady Dvorkovich کا بھی کہنا ہے کہ روس اور چین بھی گلوبل کرنسی سِسٹم میں ارتقائی ترقی پر متفق ہیں۔ دوسری جانب جرمنی، کینیڈا اور فرانس نے گلوبل کرنسی سسٹم میں کسی بڑی پیش رفت کے امکان کو رد کر دیا ہے۔ جرمن وزیر خزانہ پئر شٹائن بروک کا خیال ہے کہ عالمی مالیاتی نظام میں ڈالر بدستور اُسی حثیت کا حامل رہے گا۔ تاہم شٹائن بروک کا یہ ماننا ہے کہ چینی کرنسی یوان اور یورو عالمی اقتصادی منظر نامے پر سست روی کے ساتھ اپنا مقام بنانے کا عمل جاری رکھی گی۔

Flashgalerie G8 Gipfel in L`Aquila, Italien, 2009
لاکیلا میں سمٹ کا پوسٹر اور سکیورٹی حکامتصویر: AP

کل جمعرات، نو جولائی کو گروپ پانچ کے ملکوں کے سربراہ ایک اور کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ اِس میں شریک چینی صدر ہو جِن تاؤ نے شیڈیول شرکت کو منسوخ کرتے ہوئے واپسی چین روانہ ہو گئے ہیں۔ اُن کی واپسی مغربی صوبے شن جیانگ کے فسادات بتائے جا رہے ہیں۔ گروپ ایٹ اور پانچ کی وجہ سے جمعرات کی سمٹ کو گروپ تیرہ کی سمٹ کہا جا رہا ہے۔ اِس میں بھی عالمی اقتصادی بحران کا موضوع فوقیت کا حامل ہوگا۔

اِسی طرح گروپ ایٹ کے تین روزہ اجلاس کے تیسرے اور آخری دِن جمعہ کو نو افریقی ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ میٹنگ رکھی گئی ہے۔ اِس میں خوراک کی سکیورٹی کے حوالے سے اربوں ڈالر کے پراجیکٹ کے بارے میں بحث بھی متوقع ہے۔ اِس بڑے پروگرام میں امریکہ کی جانب سے چارب ڈالر تک کا وعدہ شامل ہے۔

Flashgalerie G8 Gipfel in L`Aquila, Italien, 2009
گروپ ایٹ سمٹ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد اجلاس کے سربراہوں کا ماسک پہنے ہوئے۔تصویر: AP

گروپ ایٹ اور گروپ پانچ کے سربرہان اپنی میٹنگز کے مختلف ادوار میں کوشش کریں گے کہ عالمی تجارتی بات چیت کے دوہا راؤنڈ کو سن دو ہزار دس تک ہر صورت میں حتمی شکل دینے کے بابت مثبت فیصلے کئے جائیں وگرنہ یہ راؤنڈ منطقی طور پر ناکام ہو سکتا ہے۔ سن دو ہزار ایک میں اِس امید کے ساتھ دوہا راؤنڈ کا عمل شروع کیا گیا تھا کہ تجارت میں فروغ سے غریب ملکوں کی غربت میں کمی لائی جا سکے گی۔ دوہا راؤنڈ گزشتہ برسوں میں کئی پیچیدہ معاملات کے باعث تعطل کا مسلسل شکار ہے۔

اِسی طرح اِس اہم سربراہ میٹنگ میں اِس سال دسمبر میں کوپن ہیگن کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے سلسلے میں کیوٹو پروٹوکول کے متبادل ماحولیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینا بھی ضروری خیال کیا جا رہا ہے۔ مثبت پیش رفت سے ہی عالمی ماحولیات میں بڑھتی ہوئی حدت میں کمی کے سلسلے میں عملی کوششوں کا آغاز ہو سکے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سن دو ہزار پچاس تک ماحول کو آلودہ کرنے والی کاربن ڈائی اکسائیڈ گیس کے اخراج کو عالمی سطح پر نصف کرنے کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کون سے اقدامات کئے جاتے ہیں۔

اٹلی کی پولیس نے گروپ ایٹ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر لاکیلا کے قریبی شہر وں سمیت دارالحکومت روم میں مظاہرہ کرنے والے اڑتیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سکیورٹی کو غیر معمولی طور پر سخت کر دیا گیا ہے۔ لا کیلا کے کلبوں کے اندر سے بھی دس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اِن میں پانچ فرانسیسی شامل ہیں جن کے پاس لکڑی کے ڈنڈے تھے۔