1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی وزیر خارجہ کا تین روزہ بھارتی دورہ

18 جولائی 2011

امریکی وزیر خارجہ آج پیر کے روز بھارت پہنچ رہی ہیں۔ وہ تین روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچیں گی۔ ان کے اس دورے کے دوران دہشت گردی کے خلاف منظم اور مشترکہ حکمت عملی کو مذاکرات میں فوقیت دی جا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/11x9M
.ہیلری کلنٹن: امریکی وزیر خارجہتصویر: AP

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اپنے موجودہ دورے کے دوران کل منگل کو بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کریں گی۔ ان سے مذاکراتی عمل میں بھارتی وفد کی قیادت وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کریں گے۔ بھارت نے مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کا اعلان کر دیا ہے۔

ہلیری کلنٹن انیس جولائی کو بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے بھی ملیں گی۔ وہ کل منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران بھارتی وزیر خزانہ سے بھی ان کی ملاقات شیڈیول ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دہشت گردی، علاقائی سکیورٹی معاملات کے علاوہ امریکہ بھارت اسٹریٹیجیک تعلقات کے تناظر میں بات چیت کا ایجنڈا مرتب کیا گیا ہے۔

Clinton in Indien mit Minister Krishna
امریکی اور بھارتی وزرائے خارجہتصویر: AP

سفارتکاروں کا خیال ہے کہ تیرہ جولائی کے ممبئی بم دھماکوں میں اگر تفتیش کا رخ پاکستان کی جانب بڑھا، تو نئی دہلی کلنٹن پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کرے گی کہ پاکستان کی فوجی امداد سے امریکہ کو دستبردار ہو جانا چاہیے۔ بھارت نے پہلے ہی اس امریکی اعلان کا خیر مقدم کیا تھا، جس میں پاکستان کے لیے آٹھ سو ملین کی فوجی امداد معطل کرنے کا بتایا گیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتہ کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ اہم ہے کہ امریکہ بھارت کے ساتھ کھڑا ہو اور دونوں ملک مل کردہشت گردی کے انسداد کے لیے کوششیں کریں۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک وُوڈرو ولسن انٹرنیشنل سنٹر برائے اسکالرز کے ایشیا پروگرام کے ڈائریکٹر رابرٹ ہیتھوے کا کہنا ہے کہ تیرہ جولائی کے ممبئی بم دھماکے امریکی وزیر خارجہ کے دورے میں انتہائی اہم ہوں گے۔ اس دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے رابرٹ ہیتھوے کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مالیاتی مرکز میں تازہ پرتشدد واقعات پاکستان، افغانستان اور بھارت کے امریکہ کے ساتھ روابط میں توازن کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اتوار کے روز یورپی ملک یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارت کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔ وہ بھارت کے بعد چین، ہانگ کانگ اور انڈونیشیا بھی جائیں گی۔ ان کے ہمراہ پچیس رکنی وفد بھی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں