1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر کا بذریعہ بس دیہی علاقوں کا دورہ

16 اگست 2011

امریکی صدر باراک اوباما بس کے ذریعے ملک کے کئی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، جس میں وہ امریکی باشندوں کو معیشت کی بحالی کے حوالے سے اپنے تازہ اقدامات کے بارے میں بتائیں گے۔

https://p.dw.com/p/12H6h
صدر اوباما لوگوں کی رائے سنیں گے، وائٹ ہاؤستصویر: AP

امریکہ کے اقتصادی بحران کے حوالے سے امریکی ووٹرز میں بہت سے خدشات ہیں۔ اب جب کہ سن دو ہزار بارہ کے اواخر میں امریکہ کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے صدارتی مہم آہستہ آہستہ زور پکڑ رہی ہے، امریکی صدر باراک اوباما کی کوشش ہے کہ وہ امریکی عوام کو قائل کر سکیں کہ ان کی حکومت معاشی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ اسی مناسبت سے امریکی صدر بس کے ذریعے امریکہ کی بعض ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں، جن میں مینیسوٹا، آئووا اور الینوئے شامل ہیں۔ اوباما ان ریاستوں کے دیہی علاقوں کے عوام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

USA Schuldenkrise Dollar Flagge Fahne Finanzkrise Symbolbild Flash-Galerie
امریکی معیشت بحران کا شکار ہےتصویر: picture alliance/dpa

امریکی صدر باراک اوباما اس دورے کے دوسرے روز خاص طور پر ان اقدامات کا اعلان کریں گے، جس کے ذریعے دیہی علاقوں کے رہنے والوں کے لیے روزگار کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔

خیال رہے کہ باراک اوباما نے سن دو ہزار آٹھ کے صدارتی انتخابات میں ان تینوں ریاستوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔ معاشی بحران کے باعث امریکی رائے دہندگان میں حکومتی پالیسیوں کے بارے میں خدشات پائے جاتے ہیں۔ صدر اوباما غالباً انہی خدشات کو دور کرنے کے لیے یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق باراک اوباما کے اس دورے کا مقصد لوگوں کی رائے جاننا اور ان کو سننا ہے تاکہ امریکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

منگل کا دن اوباما آئووا میں گزاریں گے اور وہ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے تین سو پچاس ملین ڈالر کے پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ ریپبلکن جماعت کے لیے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں ٹیکساس کے گورنر رک پیری شامل ہو گئے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں