1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سٹار گلوکار ’سنُوپ ڈاگ‘ کی سویڈن اور اٹلی میں مشکلات

مقبول ملک1 اگست 2015

پولیس کے ساتھ بار بار کی بدمزگیوں کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والے امریکی سٹار رَیپر ’سنُوپ ڈاگ‘ کو یورپ میں سویڈن کے بعد اٹلی میں بھی بڑے ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پولیس نے ان کے لاکھوں ڈالر ضبط کر لیے۔

https://p.dw.com/p/1G8Pq
USA Snoop Dogg Sänger
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Buck

اطالوی دارالحکومت روم سے ہفتہ یکم اگست کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں یورپ کا دورہ کرنے والے اس بہت مشہور سیاہ فام امریکی رَیپ گلوکار کو جنوبی اٹلی میں آج اس وقت سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا جب پولیس نے ایک ہوائی اڈے پر ان کے پاس بہت زیادہ مقدار میں موجود نقد رقم کی وجہ سے انہیں روک لیا۔

ڈی پی اے نے ایک اطالوی خبر رساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’سنُوپ ڈاگ‘ اپنے ساتھ چار لاکھ بائیس ہزار امریکی ڈالر یا قریب تین لاکھ پچاسی ہزار یورو کے برابر نقد رقم لے کر سفر کر رہے تھے۔ یہ نقد رقم ایک تو غیر معمولی حد تک زیادہ تھی اور دوسرے یہ کہ اس طرح یہ امریکی فنکار یورپی یونین کے رکن ملکوں میں نافذ منی لانڈرنگ کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی ہوئے تھے۔

ان یورپی ضابطوں کے مطابق مسافروں کو اپنے ساتھ نقد رقم کے طور پر زیادہ سے زیادہ دس ہزار یورو یا اس کے برابر تک فنڈز لے جانے کا حق حاصل ہوتا ہے جبکہ اس مالیت سے زیادہ کی رقوم ہر کسی کو قانوناﹰ ڈیکلیئر کرنا ہوتی ہیں۔ اس امریکی گلوکار کو، جن کا فنکارانہ نام ’سنُوپ ڈاگ‘ ہے، بظاہر اس یورپی قانون کا علم نہیں تھا اور اسی لیے لاعلمی میں جرم کا مرتکب ہونے کی وجہ سے اطالوی ٹیکس پولیس نے ان کے پاس موجود نقد رقم کا نصف یعنی دو لاکھ گیارہ ہزار ڈالر ضبط کر لیے۔

اس امریکی رَیپر کا سب سے مشہور گیت Drop It Like It's Hot ہے اور پولیس نے انہیں کالابریا کے علاقے میں لامیزیا ٹَیرمے Lamezia Terme کےہوائی اڈے پر روکا۔ وہ اٹلی میں اپنے چار میوزک کنسرٹس کے انعقاد کے بعد وہاں سے برطانوی دارالحکومت لندن کے لیے پرواز کرنا چاہتے تھے اور ان کے پاس موجود رقم غالباﹰ انہیں اٹلی میں منعقدہ ان کے کنسرٹس سے ہونے والی آمدنی تھی۔

Snoop Dogg
تصویر: AP

’سنُوپ ڈاگ‘ کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ ابھی 25 جولائی کے روز ہی اس 43 سالہ امریکی گلوکار کو سویڈن میں بھی پولیس نے منشیات کے شبے میں تھوڑی دیر کے لیے اپنی حراست میں لے لیا تھا۔ سویڈن کے شہر اپسالا Uppsala میں پولیس اہلکار اس لیے انہیں پوچھ گچھ کی خاطر اپنے ساتھ ایک پولیس اسٹیشن میں لے گئے تھے کہ تب وہاں معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس کو ان کے بارے میں ایسا لگا تھا کہ جیسے انہوں نے منشیات استعمال کر رکھی ہوں۔

بعد میں سویڈش پولیس کا یہ ابتدائی خدشہ غلط ثابت ہوا تھا اور ’سنُوپ ڈاگ‘ کو پولیس اسٹیشن سے رخصتی کی اجازت دے دی گئی تھی۔ اس پورے واقعے پر لیکن یہ امریکی گلوکار انتہائی ناخوش تھے اور انہوں نے فوراﹰ ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ دوبارہ کبھی بھی اسکنڈے نیویا کی اس ریاست کا رخ نہیں کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید