1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اداکار روسی صدر بننے کا خواہش مند

مقبول ملک17 جنوری 2016

معروف امریکی اداکار لیونارڈو ڈی کاپریو کی شدید خواہش ہے کہ وہ کسی فلم میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کردار ادا کریں کیونکہ اس وقت تیسری مرتبہ روسی صدر کے عہدے پر فائز پوٹن کا کردار ’انتہائی دلچسپ‘ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1Heve
Schauspieler Leonardo DiCaprio wird Friedensbotschafter der Vereinten Nationen
لیونارڈو ڈی کاپریو اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے خصوصی امن سفیر بھی ہیںتصویر: picture-alliance/AP

جرمن دارالحکومت برلن سے اتوار سترہ جنوری کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ہالی وُڈ کے انتہائی کامیاب اداکار ڈی کاپریو نے جرمن اخبار ’وَیلٹ ام زونٹاگ‘ میں آج شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں کہا، ’’میں تصور کر سکتا ہوں کہ روسی سربراہ مملکت کا کردار ادا کروں۔ پوٹن کا کریکٹر انتہائی حد تک دلچسپ ہو گا، جو موقع ملنے پر میں بہت شوق سے نبھاؤں گا۔‘‘

اے ایف پی کے مطابق 41 سالہ امریکی سٹار ڈی کاپریو کئی سال پہلے ایک بار ذاتی طور پر ولادیمیر پوٹن سے ملے تھے۔ اس ملاقات کے بارے میں لیونارڈو ڈی کاپریو نے بتایا کہ یہ ملاقات سائبیریا کے ٹائیگرز کے تحفظ سے متعلق ایک کانفرنس کے موقع پر ہوئی تھی، جس میں اس نسل کے جنگی جانوروں کی بقا اور تحفظ کے بارے میں تو بات ہوئی تھی، ’لیکن سیاست پر نہیں‘۔

ولادیمیر پوٹن اس وقت تیسری مرتبہ روسی صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس سے قبل وہ دو مرتبہ روس کے صدر اور ایک بار وزیر اعظم بھی رہ چکے ہیں۔

جرمن جریدے ’وَیلٹ ام زونٹاگ‘ کے ساتھ اس انٹرویو میں ڈی کاپریو نے اعتراف کیا کہ وہ روس کی سحر انگیز تاریخ سے بہت متاثر ہیں۔

اپنے اس موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ہالی وُڈ کے اس اداکار نے کہا، ’’ایک صدی قبل روس میں آنے والے کمیونسٹ انقلاب کے رہنما لینن کا فلمی کردار بھی انتہائی حد تک دلچسپ ہو گا۔ اسی طرح راسپوٹن کا کردار بھی۔‘‘

Frankreich Cop21 Klimagipfel in Paris Wladimir Putin
روسی صدر ولادیمیر پوٹنتصویر: Reuters/M. Klimentyev

لیونارڈو ڈی کاپریو کی تازہ ترین فلم The Revenant ہے، جو ایک ویسٹرن ایکشن فلم ہے اور جس کی دنیا کے مختلف ملکوں کے سینما گھروں میں نمائش ان دنوں جاری ہے۔ اس فلم کو 12 مختلف شعبوں میں اس سال کے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ان درجن بھر نامزدگیوں میں مرکزی کردار کے طور پر کسی ایکٹر کو دیا جانے والا بہترین کارکردگی کا آسکر ایوارڈ بھی شامل ہے۔ ’بیسٹ ایکٹر ایوارڈ‘ کے لیے یہ نامزدگی لیونارڈو ڈی کاپریو کے کیریئر کی پانچویں نامزدگی ہے۔

لیونارڈو ڈی کاپریو اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ چند برسوں سے اقوام متحدہ کے خصوصی امن سفیر بھی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں