1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کی نئی ایشیا پالیسی، شمالی کوریا کو پیشکش

14 فروری 2009

امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کی ایک تقریب سے اپنے خطاب میں صدر اوباما کی زیر قیادت نئی امریکی انتظامیہ کی ایشیا سے متعلق سیاست کی وضاحت کرتے ہوئے شمالی کوریا کوایک بار پھر امن کی پیشکش کردی۔

https://p.dw.com/p/Gu2K
فروری کے اوائل میں جرمن وزیرخارجہ کے دورے کے دوران ہلیری کلنٹں واشنگٹن میں فرانک والٹر شٹائن مائر کے ساتھتصویر: AP

وزیر ‌خارجہ کے طور پر اپنے اولین دورہ ایشیا سے محض دو روز قبل سابقہ خاتون اول ہلیری کلنٹن نے جمعہ کی رات نیویارک میں امریکہ کے ایشیائی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو اور مضبوط بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کمیونسٹ شمالی کوریا کو ایک بار پھر اس نقطہ نظر سے باقاعدہ امن معاہدے کی پیشکش کرتا ہے کہ پیانگ یانگ اپنا متنازعہ ایٹمی پروگرام مکمل طور پر اور ہمیشہ کے لئے ترک کردے۔

Clinton Gheit
مصری وزیر خارجہ دورہ امریکہ کے دوران اپنی امریکی ہم منصب کے ہمراہتصویر: AP

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے امریکہ کے اتحادی جنوبی کوریا کے لئے بار بار استعمال کی جانے والے دھمکیوں کی زبان کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر شمالی کوریا اپنے ایٹمی پروگرام سے ہمیشہ کے لئے دستبردار ہوجاتا ہے تو امریکہ پیانگ یانگ کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنے کے علاوہ اسے امدادی سامان بھی مہیا کرے گا اور کمیونسٹ کوریا کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اس کا ہاتھ بٹائے گا۔

اپنی تقریر میں چین کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کا تفصیلی ذکرکرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ واشنگٹن بیجنگ کے ساتھ اپنے نئے اور مثبت رابطوں کا خواہش مند ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے اپنی تقریر میں تبت کے مسئلے، وہاں انسانی حقوق کی صورت حال اور میانمار میں فوجی حکومت کے تحت انسانی حقوق کی پامالیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میانمار میں اپوزیشن کی خاتون رہنما اونگ سن سو چی کو رہا کیا جانا چاہیئے اور تبت میں بالخصوص اور پورے عوامی جمہوریہ چین میں بالعموم انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیئے اور عام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہونا چاہیئے۔

ایشیامیں امریکہ کے اتحادی اور حریف ملکوں کے بارے میں ہلیری کلنٹن کی یہ پالیسی تقریر اس لئے بھی اہم ہے کہ نئی امریکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے ہلیری کلنٹن اگلے ہفتہ کے آغاز پر اپنے اولین دورہ ایشیا پرروانہ ہونے والی ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ جاپان، انڈونیشیا، جنوبی کوریا اور چین جائیں گی۔