1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے ٹیکس میں اضافے کی تجویز

14 اپریل 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے امیروں پر ٹیکس کی شرح میں اضافے اور اخراجات میں کمی کے زریعے 12برسوں کے دوران چالیس کھرب یا چار ٹرلین ڈالر کا بجٹ خسارہ کم کرنے کی تجویز دی ہے۔

https://p.dw.com/p/10tIt
تصویر: AP

ناقدین کی جانب سے صدر اوباما پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے میں کمی کے معاملے میں ناکام رہے ہیں۔ اس تنقید کے جواب میں صدر اوباما نے گزشتہ روز کیے جانے والے اپنے ایک سخت سیاسی خطاب میں اس تناظر میں نئی تجاویز پیش کیں۔

ایک اندازے کے مطابق روان مالی سال امریکی بجٹ میں 1.4 ٹریلین خسارہ متوقع ہے، جس کے باعث عوام میں خاصی بے چینی پائی جا رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کے مطابق اس خسارے کو کم کرنے کے لیے گو کہ صدر کی جانب سے اتنا بڑا ہدف مقرر کیے جانے کی امید نہیں تھی تاہم ان کا اٹھایا گیا یہ قدم ڈالر اور امریکی خزانے کو مزید مستحکم کرے گا۔ صدر اوباما کی جانب سے امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے بجٹ میں کٹوتی کے وعدے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں امریکی ایرو اسپیس اور دفاع کے انڈیکس میں نمایاں کمی آئی۔

USA Parteien Republikaner Logo elefant
ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے صدر اوباما کی حالیہ اصلاحات کو شدید تنقیدکا سامنا ہےتصویر: AP GraphicsBank

اس سے قبل صدر اوباما بجٹ میں خسارے کو دور کرنے اور بچتی پروگرام پر بات کرنے کے لیے ریپبلکن پارٹی کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔

صدر اوباما کی جانب سے بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات میں سے ایک سابق صدر جارج بش کے دور میں امیر امریکیوں کو ٹیکس میں دی جانے والی چھوٹ کو بھی ختم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2023ء تک غریب اور بزرگ افراد کی طبعی امداد اور دیکھ بھال کے پروگرام میں بھی کٹوتیوں کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے 480 بلین ڈالر تک کی بچت کی جا سکے گی۔

ادھر ریپبلکن پارٹی کا کہنا ہے کہ صدر اوباما کی تقریر اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ بجٹ خسارہ کم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ان اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ ٹیکس کی بڑھائی گئی شرح سے معیشت متاثر ہو گی۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں