1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا سے تارکین وطن کی غیر قانونی بے دخلیوں کا خطرہ، الحسین

مقبول ملک
8 مارچ 2017

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے بقول امریکا میں صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے باعث تارکین وطن کی بڑی تعداد میں غیر قانونی ملک بدریوں کا خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو بہتر قیادت کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/2YqBQ
USA Menschen zeigen Solidarität mit Migranten
تصویر: Getty Images/M. Ralstone

سوئٹزرلینڈ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق عالمی ادارے کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین کے مطابق کافی زیادہ خدشہ ہے کہ جنوری میں صدارتی منصب سنبھالنے والے ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن اور تارکین وطن سے متعلق متنازعہ پالیسیوں کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت تارکین وطن کو بڑی تعداد میں حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ایسی اجتماعی بے دخلیاں بھی شروع ہو سکتی ہیں، جو مروجہ بین الاقوامی قانون کے بالکل منافی ہوں گی۔

USA Menschen zeigen Solidarität mit Migranten
تصویر: Getty Images/M. Ralstone

جنیوا سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ہائی کمشنر الحسین نے یہ بات آج بدھ کے روز سوئٹزرلینڈ کے اسی شہر میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے اپنے سالانہ خطاب میں کہی۔

رعد الحسین نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے امریکا میں میکسیکو سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن یا مسلمانوں کی طرح کی پوری کی پوری نسلی اور مذہبی برادریوں کے خلاف متعصبانہ اور امتیازی رویوں کو تقویت ملے گی۔

الحسین نے ہیومن رائٹس کونسل سے اپنے اس خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا کو ’’مردم بیزاری اور بڑھتے ہوئے نسلی اور مذہبی امتیاز کے باعث اپنے ہاں پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بہتر قیادت کی ضرورت ہے۔‘‘

ٹرمپ نے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے پر دستخط کر دیے

امریکی اٹارنی جنرل سے استعفے کے مطالبے پر ٹرمپ نا خوش

’ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روس سے رابطے‘: پارلیمانی تفتیش ہو گی

اپنے کلیدی خطاب میں رعد الحسین نے مزید کہا کہ کہ واشنگٹن میں نئی ملکی انتظامیہ مختلف بنیادی مسائل کے بارے میں جو رویے اپنائے ہوئے ہے، ان پر انہیں گہری تشویش ہے۔

اقوام متحدہ کے اس ہائی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے بقول، صحافیوں اور ملکی ججوں تک کو نیچا دکھانے کی کوششیں کر رہے ہیں، وہ ایک ’ناامید اور بیزار‘ کر دینے والی حقیقت ہے۔

USA | United Nations High Commissioner for Human Rights Zeid Ra'ad al Hussein
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسینتصویر: imago/Xinhua

اپنی تقریر میں زید رعد الحسین نے صرف امریکا اور ڈونلڈ ٹرمپ پر ہی تنقید نہیں کی بلکہ انہوں نے مہاجرین کے بحران کے تناظر میں یورپی ملکوں کی سیاست میں خامیوں اور نقائص کی نشاندہی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی سیاستدان بھی ایسے پیغامات پھیلا رہے ہیں، جن میں ’خوف پیدا کرنے والا‘ یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ جیسے مہاجرین اور تارکین وطن کی صورت میں یورپ کا رخ کرنے والے کوئی مجبور اور پناہ کے حقدار انسان نہیں بلکہ ’یلغار کر دینے والے مجرموں کے گروہ‘ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کسی غلط تاثر کا پیدا کرنا اور پھیلایا جانا انتہائی افسوس ناک ہے کیونکہ عام یورپی باشندوں کی اکثریت نے اب تک مہاجرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔