1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الیکٹرونک مصنوعات کی متوقع فروخت ایک ٹریلین ڈالر

7 جنوری 2011

امریکہ کے ایک تجارتی گروپ کے مطابق رواں برس عالمی سطح پر الیکٹرونک مصنوعات کی فروخت ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ الیکٹرونک مصنوعات کی فروخت یہ سطح عبور کرے گی۔

https://p.dw.com/p/zuYJ
تصویر: AP

امریکی تجارتی گروپ کنزیومر الیکٹرونکس ایسوسی ایشن (CEA)کے ایک مطالعے کے مطابق رواں برس الیکٹرونک مصنوعات کی فروخت 964 بلین ڈالر متوقع ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 10 فیصد زائد ہے۔ گزشتہ برس یہ فروخت 873 بلین ڈالر رہی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی معاشی بحران کے بعد یہ دوسرا مسلسل سال ہوگا کہ یہ صنعت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ سال 2009ء کے مقابلے میں 2010ء میں فروخت میں اضافے کی شرح 13 فیصد رہی تھی۔

CEA سے وابستہ صنعتی تجزیے کے ڈائریکٹر اسٹیو کوئنِگ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اگر معیشت میں بہتری کی یہی رفتار برقرار رہی تو ایک ٹریلین ڈالر فروخت عین ممکن ہے۔

یہ مطالعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکی شہر لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس کی سب سے بڑی عالمی نمائش جاری ہے۔ یہ نمائش چھ سے نو جنوری تک جاری رہے گی۔ اس شو میں کنزیومر ٹیکنالوجی میں ہونے والی تازہ ترین ترقی سے متعلق مصنوعات کی نمائش کی جارہی ہے۔

Flash-Galerie USA Elektronikmesse CES in Las Vegas
کنزیومر الیکٹرونکس کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی نمائش ان دنوں لاس ویگاس میں جاری ہےتصویر: AP

CEA کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2010ء میں الیکٹرونک مصنوعات کی فروخت میں سب سے زیادہ اضافہ براعظم افریقہ میں ہوا، جہاں طلب 70 فیصد بڑھی۔ مشرق وُسطیٰ میں یہ اضافہ 25 فیصد رہا، جبکہ تیسرا نمبرچین کے حصے میں آیا جہاں فروخت میں ہونے والا اضافہ 24 فیصد تھا۔

سال 2010ء میں براعظم ایشیا میں مجموعی طور پر فروخت میں ہونے والا اضافہ 17 فیصد، شمالی امریکہ میں 10 فیصد جبکہ مغربی یورپ میں یہ اضافہ آٹھ فیصد رہا۔

سال 2011ء میں الیکٹرونک مصنوعات کی فروخت کے اعتبار سے متوقع طور پر سرفہرست مغربی یورپ رہے گا جہاں 23 فیصد اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔ شمالی امریکہ میں اضافے کی شرح 15 فیصد جبکہ چین میں ان مصنوعات کی فروخت کی شرح میں اضافہ بھی 15 فیصد ہی متوقع ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں