1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الطاف حسین کو پاسپورٹ واپس مل گیا، کیا وہ پاکستان جائیں گے؟

بینش جاوید17 فروری 2016

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا پاسپورٹ واپس کر دیا ہے۔ کیا اب وہ پاکستان جانے کی اپنی خواہش پوری کریں گے؟

https://p.dw.com/p/1Hwg0
Anhänger von Atlaf Hussein protestieren gegen Imran Khan
تصویر: picture-alliance/dpa

الطاف حسین کا پاسپورٹ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران برطانوی حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کیس میں ناکافی ثبوت کے باعث ان کی ضمانت کی شرائط اور ان کے سفر پر پابندی بھی ہٹا دی گئی ہے۔

لندن میں ایم کیو ایم کے دفتر پر 2012 ء میں چھاپا مارا گیا تھا اور اس دوران پولیس نے وہاں سے رقم بھی برآمد کی تھی، جسے غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ 6 اکتوبر 2015 کو الطاف حسین کو پانچویں مرتبہ ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم ان کا پاسپورٹ لندن پولیس کی ہی پاس تھا۔

گزشتہ برس مارچ میں کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو رینجرز کے چھاپے کے بعد الطاف حسین نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا،’’میں پاکستان اس لیے نہیں آسکتا کیونکہ میرا پاسپورٹ برطانوی انتظامیہ کی تحویل میں ہے جیسے ہی میرا پاسپورٹ ملے گا میں پاکستان آؤں گا۔‘‘

الطاف حسین 1992 سے لندن میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ گزشتہ 24 برسوں سے وہ لندن میں بیٹھ کر ایم کیو ایم کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی فوج، رینجرز اور سرکاری اداروں پر تنقید کے باعث پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ٹی وی چینلز پر الطاف حسین کی تصاویر اور ان کی تقاریر دکھانے پر پابندی عائد ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں