1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر پابندی

مقبول ملک اے پی
2 جون 2017

پاکستان اور افغانستان کے مابین تازہ کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی افغان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں شرکت پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ ڈومیسٹک کرکٹ لیگ اٹھارہ جولائی کو کابل میں شروع ہو گی۔

https://p.dw.com/p/2e20Z
Cricket Afghanistan vs Pakistan 27.02.2014
اس پابندی کی زد میں آنے والے پاکستانی کرکٹرز میں کامران اکمل، عمر اکمل (تصویر) اور بابر اعظم بھی شامل ہیںتصویر: Reuters

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے جمعہ دو جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ملکی کرکٹ بورڈ پی سی بی نے ان تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو افغانستان میں کھیلنے سے روک دیا ہے، جنہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے طور پر Shpageeza کرکٹ لیگ میں شامل مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کے لیے باقاعدہ معاہدے کر رکھے تھے۔

کابل اور لاہور، پاک افغان کرکٹ ڈپلومیسی کے لیے سرگرم

افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ اسٹیٹس دینے پر اتفاق

پاکستانی کرکٹرز افغانستان کی مقامی کرکٹ لیگ میں جلوه گر

اس پابندی سے کئی نامور پاکستانی کرکٹرز متاثر ہوئے ہیں، جن میں کامران اکمل، عمر اکمل اور بابر اعظم جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی کے دو جون جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ جن پاکستانی کھلاڑیوں اورکوچز نے اس افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کرنا تھی، اب ان میں سے کسی کو بھی بورڈ کی طرف سے لازمی طور پر درکار اجازت نامہ یا این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

Logo des(Pakistan Cricket Board) PCB

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس بیان کے مطابق، ’’اب اس افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی یا اہلکار شرکت نہیں کر سکے گا۔‘‘

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان اور افغانستان دو ایسے ہمسایہ ممالک ہیں، جن کے مابین افغان کرکٹ بورڈ یا اے سی بی اور پی سی بی کی سطح پر تعلقات اسی ہفتے بدھ کے روز کابل میں ہونے والے ایک بہت ہلاکت خیز بم دھماکے کے بعد سے کافی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ کابل میں اس دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 90 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل اسی بم حملے کے بعد افغان کرکٹ بورڈ نے ملکی ٹیم کے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے دو ٹی ٹوئنٹی میچ بھی منسوخ کر دیے تھے۔ ان میچوں کے انعقاد کا فیصلہ ابھی حال ہی میں کیا گیا تھا اور یہ جولائی اور اگست کے مہینوں میں کھیلے جانا تھے۔ منسوخی کے فیصلے تک ان میچوں کے لیے کوئی حتمی تاریخیں مقرر نہیں کی گئی تھیں۔

افغانستان میں اگلے ماہ کے وسط میں شروع ہونے والی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ ان مقابلوں کا پانچواں ایڈیشن ہو گی اور اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر افغانستان کی چھ علاقائی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔