1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں جرمن طالب علم گرفتار

26 جنوری 2011

امریکی فوجیوں نے افغانستان میں ایک جرمن طالب علم حدید کو گرفتار کر لیا ہے۔ جرمن اخبار ’ذوڈ ڈوئچے‘ کے مطابق اس 23 سالہ سٹوڈنٹ کو بگرام کی فوجی جیل میں رکھا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/105Yg
تصویر: AP GraphicsBank/DW

دوسری جانب جرمن دفتر خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ معاملہ اس دفتر کے علم میں ہے اور وہ اس جرمن شہری تک رسائی حاصل کرنے کے لیے امریکی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اخبار کے مطابق گرفتار ہونے والا افغانی نژاد یہ جرمن طالب علم فرینکفرٹ کا رہائشی ہے۔

اسے آٹھ جنوری کو کابل میں اس کے والد کے گھر سے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فرینکفرٹ میں اس کے اہل خانہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ حدید کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث ہے۔ ان کے مطابق حدید کا افغانستان جانے کا مقصد صرف اور صرف اپنے والد سے ملاقات کرنا تھا۔

اخبار کے مطابق حدید کے اہل خانہ نے جرمن سکیورٹی ایجنسیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حدید کی گرفتاری میں ملوث ہیں۔ دوسری جانب انسداد جرائم کے وفاقی ادارے BKA کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی معلومات کسی غیر ملکی ادارے کو مہیا نہیں کی گئیں۔ اخبار کے مطابق جولائی 2010ء میں فرینکفرٹ میں سرکاری دفتر استغاثہ کی طرف سے مبینہ طور پر دہشت گردی میں ملوث ہونے پر حدید کے خلاف ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ اس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید