1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں ’بھگوڑے‘ امریکی فوجی کا کورٹ مارشل؟

امجد علی17 ستمبر 2015

امریکی فوج کے سارجنٹ بووی بیرگڈال کے خلاف اپنی ڈیوٹی چھوڑنے پر ایک فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے یا نہ چلانے کے حوالے سے کارروائی جمعرات سے امریکا میں شروع ہو رہی ہے۔ وہ 2009ء میں لاپتہ ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1GY12
Afghanistan USA Soldat Bowe Bergdahl
امریکی فوج کا سارجنٹ بووی بیرگڈالتصویر: picture-alliance/AP

ہیوسٹن سے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعرات سترہ ستمبر کی کارروائی امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سینٹ انتونیو میں فورٹ سیم ہیوسٹن کے مقام پر ہو رہی ہے۔ بیرگڈال کے وکلاء کے مطابق اس کارروائی کے دوران اُن حالات پر سے پردہ اٹھے گا، جن میں 2009ء میں بیرگڈال لاپتہ ہو گیا تھا۔

قانونی ماہرین کی توقعات کے مطابق بیرگڈال کے وکلاء جمعرات کی سماعت کے دوران یہ دلیل دیں گے کہ بیرگڈال کئی سال تک طالبان کی قید میں رہا اور اُس کے لیے یہی سزا کافی تھی۔

گزشتہ سال افغانستان سے امریکا لوٹنے کے بعد سے بووی بیرگڈال فورٹ سیم ہیوسٹن میں ہی تعینات ہے اور یہیں اس امر کا تعین کیا جائے گا کہ کیا اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر لاپتہ ہو جانے والے اس امریکی فوجی کا کورٹ مارشل کیا جائے یا نہیں۔

بیرگڈال جنوب مشرقی افغانستان میں اپنی تعیناتی کے دوران تیس جون 2009ء کو لاپتہ ہو گیا تھا۔ لاپتہ ہونے سے پہلے اُس نے افغانستان میں جنگ کی مخالفت کی تھی اور اس میں اپنے کردار کے حوالے سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

بیرگڈہل کے وکیل یوجین فِڈل نے فوج کے اندر ہونے والی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس کے مؤکل نے اپنی ڈیوٹی چھوڑی تھی، فوج نہیں۔ مزید یہ کہ اُس کا مقصد قریبی جنرل آفیسر کو اپنے اُن خیالات سے آگاہ کرنا تھا، جو اُسے پریشان کر رہے تھے۔

Bowe Bergdahl US Soldat Austausch in Afghanistan
چار جون 2014ء کی اس تصویر میں افغان سرحد پر طالبان کی طرف سے امریکی فوجی بووی بیرگڈال کی رہائی عمل میں آ رہی ہےتصویر: REUTERS/Al-Emara

جیسے ہی بیرگڈال اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر نکلا، وہ طالبان کے ہتھے چڑھ گیا، جنہوں نے اُسے پانچ سال تک اپنی قید میں رکھا اور پھر کیوبا میں امریکی حراستی مرکز گوانتاناموبے میں قید پانچ طالبان کمانڈروں کے بدلے میں رہا کیا۔

اُنتیس سالہ بیرگڈال پر اس سال مارچ میں فوج چھوڑ کر بھاگنے اور دشمن کے سامنے غلط طرزِ عمل اختیار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جس میں اُسے فوج کی جیل میں عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ بیرگڈال کو بے توقیری کے ساتھ فوج کی ملازمت سے نکالا بھی جا سکتا ہے اور اِس میں اُس کی تنزلی بھی ہو سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید