1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افریقی ملک نائیجر میں اقوام متحدہ کے ایلچی لاپتہ

16 دسمبر 2008

مغربی افریقہ کا ملک نائیجر کی اسی فی صد سرزمین صحرائے صحارہ کی گرفت میں ہے۔ غریب ترین ملکوں میں شمار ہونے والے ملک میں کرپشن کا جادو بھی سر چڑھ کر بولتا ہے۔

https://p.dw.com/p/GGpX
افریقی ملک نیجر کا نام دریائے نیجر کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔تصویر: picture-alliance/ ZB

مختلف ملکوں کی سرحدوں کے بیچ میں مقیّد، مغربی افریقہ کا ملک نائیجر آج عالمی سطح پر خبروں کا حصہ بنا ہوا ہے اور اُس کی وجہ کوئی نیک نامی نہیں بلکہ وہاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی Robert Fowler کا اچانک لاپتہ ہو نا ہے۔ اُن کا تعلُق کینیڈا سے ہے۔ اُن کے ہمراہ ایک اور کینیڈا کے شہری کا بھی کوئی اتہ پتہ معلُوم نہیں ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے یُو این ڈی پی کے گاڑی میں سوار ہو کر دارالحکومت Niamey سے مغرب کی سمت میں جا رہے تھے کہ لاپتۃ ہو گئے۔ وہ جس گاڑی میں سوار تھے وہ تیس کلو میٹر کے فاصلے پر مل گئی ہے۔ گاڑی البتہ اُس مقام پر نہیں تھی جہاں پر وہ غائب ہوئے ہیں۔ گاڑی ایک دوسرے مقام سے جو دارالحکومت کے شمال مشرق میں ہے وہاں سے ملی ہے۔

Mohamed Ben Omar Niger
نیجر کے موجودہ وزیر مواصلات اور سابق وزیر اطلاعات محمد بن عمر، ڈوئچے ویلے ریڈیو کے دورے پر: فائل فوٹوتصویر: DW

اُن کے لاپتہ ہونے حوالے سے نائیجر حکومت کی جانب سے مواصلات کے وزیر محمد بن عمر نے تصدیقی بیان جاری کیا۔ اُن کےمطابق وہ کرما علاقہ کہلاتا ہے جہاں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب لاپتہ ہوئے۔ وہ حکومت نائیجر کی جانب سے فرانس سے آزادی کی پچاسویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے گزشتہ جمعرات کو دارالحکومت پہنچے تھے۔ حکومتی وزیر کے مطابق وہ کسی پیشگی اطلاع کے بغیر سمیرا مقام جا رہے تھے جہاں کینیڈا ایک سونے کی کان کا جزوی مالک ہے۔ گاڑی کے اندر سے تین ٹیلی فون نمبرز، ایک کیمرہ اور ایک جیکٹ بھی ملی ہے۔

اُن کے لاپتہ ہونے کی کینیڈا نے بھی تصدیق کردی ہے۔ کینیڈا کی وزارت خارجہ کے مطابق اِس صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نائیجر میں کچھ اور بھی کینیڈا کے شہری مختلف پراجیکٹ پر تعینات ہیں اور وہ بھی اِس صورت حال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا بھی کہنا ہے کہ اُن کا ادارہ اصل محرکات کی کھوج میں ہے کہ اُن کے خصوصی مندوب کن حالات میں لاپتہ ہوئے ہیں۔

پینسٹھ سالہ رابرٹ فاؤلر مشہور سفارتکار ہیں۔ وہ کینیڈا کے اقوام متحدہ میں پانچ سال تک سفیر رہے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اِس کے علاوہ فاؤلر چھ سال تک کینیڈا کے یورپی ملک اٹلی میں بھی سفیر رہے ہیں۔ وہ کینیڈا کے قومی دفاعی محکمے کے نائب وزیر ہونے کے علاوہ تین مختلف وزرائے اعظم کو خارجہ امور پر مشورت دیتے رہے ہیں۔ وہ کینیڈا کے موجودہ وزیر اعظم سٹیفن ہارپر سمیت تین وزیر اعظموں کے افریقی معاملات پر ذاتی نمائندے رہ چکے ہیں اور اِسی سال اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اُن کو اِس سال جولائی میں نائیجر کے لئے اپنا خصوصی ایلچی مقرر کیا تھا۔ عالمی سطح پر اُن کو ایک معتبر سفارتکار تصور کیا جاتا ہے۔