1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین میں چوروں سے برآمد شُدہ نوادرات کی فہرست جاری

21 مارچ 2011

ہسپانوی پولیس نے آرٹ کے چوری کیے گئے بیش قیمت نمونوں اور دیگر قیمتی نوادارت کو ضبط کرنے کے بعد ان کی فہرست جاری کی ہے۔ اس کا مقصد ان نوادارات کو ان کے اصل مالکان کے حوالے کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/10dB8
تصویر: AP

ہسپانوی پولیس کی جانب سے مختلف مواقع پر مارے گئے چھاپوں کے بعد برآمد کیے گئے آرٹ کے اِن نمونوں میں مایہ ناز ہسپانوی مصور پبلو پکاسو کے تخلیق کردہ شاہکار، مجسمے، آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والی بعض نادر و نایاب اشیاء، گھڑیاں، میڈلز اور سکے بھی شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست کے مطابق برآمد کیے گئے آرٹ کے ان نمونوں میں پکاسو کی 1933ء میں’ Cardinal Sins‘ کے عنوان سے بنائی گئی چھ معروف پینٹنگز بھی شامل ہیں۔ اِس عنوان کے ساتھ بنائی گئی اور سلور فریمز سے مزین ان تصاویر میں ’حسد‘ اور ’لالچ‘ کے عنوان سے بنائی گئی تصاویر بھی شامل ہیں۔

The Bier of Iskandar (Alexander the Great)
سکندر اعظم پر بنائی گئی ایک ایرانی مصوری کا شاہکارتصویر: The Art and History Collection/Smithsonians Museums of Asian Art

برآمد کی گئی اَشیاء میں شامل مجسمہ پولیس کے اندازے کے مطابق دو ہزار سال قبل وسطی اٹلی کے ایک قدیم ملک ایٹروریا کے زمانے میں تخلیق ہوا تھا۔ اِس مجسمے کے علاوہ سونے، ہیرے اور زمرد سے بنے زیور بھی پولیس کی جاری کی گئی اِس فہرست میں شامل ہیں۔

برآمد ہونے والی دیگر اشیاء کی فہرست میں رومن بادشاہ Lucius Septimius کے زمانے میں رائج سکے اور 17 ویں صدی میں بُنا گیا ایک نقش دار پردہ بھی شامل ہے، جس پر 334 قبل مسیح میں سکندر اعظم اور ایک قدیم ایرانی بادشاہ کے درمیان لڑی جانے والی جنگ کی منظر کشی کی گئی ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید