1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 اسپین میں انسانی اسمگلنگ کے مشتبہ روٹ کے حوالے سے تحقیقات

صائمہ حیدر
13 مارچ 2017

مشرقی اسپین میں ایک ماہ سے بھی کم مدت میں عراقی پناہ گزینوں کو لے جانے والے  دو ٹرک پکڑے جانے کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ انسانی اسمگلنگ روٹ کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Z5A8
Spanien Enklave Melilla Flüchtlinge am Zaun
 اسپین میں انسانی اسمگلنگ کے مشتبہ روٹ کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیںتصویر: Getty Images/D. Ramos

اسپین میں ’سول گارڈ‘  یعنی اسپین کی اسپیشل پولیس فورس کی ترجمان خاتون نے گزشتہ روز خبر رساں ادارے  اے پی کو بتایا کہ جمعے کو خفیہ اطلاع ملنے پر تیروئیل کے قصبے کے قریب سول گارڈ کے افسروں نے ایک شاہراہ پر ایک ٹرک میں آٹھ کرد عراقیوں کو تحویل میں لیا۔ ان آٹھ افراد میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

 اِن افراد کو ٹرک میں اشیائے خورد و نوش کو تازہ رکھنے کی غرض سے بنائے گئے سرد خانے میں رکھا گیا تھا۔ ٹرک سے ملنے والے افراد میں پانچ سے دس سال کی عمر کے تین بچے اور اُن کے والدین، ایک دو سالہ بچہ اور اُس کی والدہ اور  ایک شخص شامل ہے جو اکیلے سفر کر رہا تھا۔

 اسپین کی سول گارڈ پولیس کی ترجمان نے محکماتی پالیسی کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرک کے ریفریجریٹر میں رہنے کے باوجود تمام آٹھ افراد اچھی صحت کے حامل ہیں۔ پولیس نے فی الحال اِن عراقی باشندوں کو دیکھ بھال کے لیے تیروئیل میں تارکینِ وطن کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کی عارضی نگرانی میں دیا ہے۔

 پولیس فورس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ  یہ افراد سپین میں پناہ کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ تیروئیل کے قصبے کے قریب جس شاہراہ سے یہ ٹرک بر آمد ہوا ہے، گزشتہ ماہ  وہاں سے چند ہی کلو میٹر دور پولیس نے ایک ایسا ہی ٹرک دریافت کیا تھا جو ایک کرد خاندان کو غیر قانونی طور پر اسپین لے کر آیا تھا۔ اس خاندان میں دو بڑے اور چار بچے شامل تھے۔

Österreich Tote Flüchtlinge in LKW entdeckt Nickelsdorf
اگست 2015 میں 71 تارکینِ وطن آسٹریا میں  ایک ٹرک کے سرد خانے میں مردہ پائے گئے تھےتصویر: Reuters/H-P Bader

 پولیس کے مطابق یہ دونوں ٹرک جنوبی ہسپانوی علاقے مرسیا سے روانہ ہوئے تھے اور اِن کی منزل برطانیہ تھی۔ اس بات کی چھان بین کی جا رہی ہے کہ یہ عرقی افراد اسپین تک کس راستے سے آئے۔

جمعے کے روز ملنے والے ٹرک کا سینتیس سالہ ڈرائیور رومانیہ کا رہنے والا  ہے جبکہ گزشتہ ماہ پکڑے جانے والے ٹرک کو چلانے والا بلغاریہ کا باشندہ   تھا۔

دونوں ٹرک ڈرائیوران کو انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اگست 2015 میں 71 تارکینِ وطن آسٹریا میں  ایک ٹرک کے سرد خانے میں مردہ پائے گئے تھے۔

یاد رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث اور دیگر تنازعات والے ملکوں سے نقل مکانی کرنے والے  ہزاروں مہاجرین اب تک سمندر اور زمینی راستوں سے یورپ آنے کی کوشش میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں